انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کو آرام کا موقع ضرور ملنا چاہیے‘وقاریونس

کبھی کبھی محسوس ہوتا ہے کہ کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہیں، سابق کوچ
لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے سے مسائل تو سامنے آئیں گے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کو آرام کا موقع ضرور ملنا چاہیے۔ابوظہبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کے بعد فرنچائز کے ڈائریکٹر وقاریونس سے سوال کیا گیا کہ مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد آپ کی ٹیم میں شامل قومی کھلاڑی شاداب خان، فہیم اشرف، حسین طلعت اور آصف علی تھکاوٹ کا شکار نظر آ رہے ہیں اور یہ کھلاڑی ورلڈ کپ پلان کا بھی حصہ ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ ان کے خیال میں سلیکٹرز پی ایس ایل کی بنیاد پر ٹیم منتخب نیںکریں گے اور ورلڈ کپ کےلئے 18 سے 20 کھلاڑی پہلے ہی ان کے ذہن میں ہوں گے، پی ایس ایل کی فرنچائزز کے مالکان بھاری سرمایہ کاری کرتے اور توقع رکھتے ہیں کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں لیکن کبھی کبھی محسوس ہوتا ہے کہ کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہیں، شاہین شاہ آفریدی کے فٹنس کے مسائل سامنے آئے‘جب کھلاڑی مسلسل کرکٹ کھیلیں گے تو ایسی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کو آرام کا موقع ضرور ملنا چاہیے۔پی ایس ایل میں زیادہ تر باؤلنگ ٹیلنٹ ہی سامنے آنے کے سوال پر لیجنڈری کرکٹر کا کہنا تھا کہ ایسا 30 سال سے ہو رہا ہے، پاکستان کو فاسٹ باؤلرز ملتے رہے ہیں اور ملتے رہیں گے، یہ خوش آئند بات ہے کہ حارث رؤف، محمد موسی، حسنین اور الیاس جیسے پیسر متاثر کن کارکردگی پیش کر رہے ہیں، یہاں سامنے آنے والے ایک، دو باؤلرز کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کےلئے تیار کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …