ورلڈکپ کیلیے بہترین کمبی نیشن سب سے اہم قرار

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے بہترین کمبی نیشن کو سب سے اہم قرار دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اچھا کمبی نیشن بنا تو ہماری کارکردگی بھی اچھی ہوگی، عالمی کپ سے قبل پی ایس ایل کا انعقاد خوش آئند ہے، پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کو بہترین تجربہ حاصل ہوگا، شاہین شاہ آفریدی اچھے کھلاڑی ہونے کے ساتھ اچھے کپتان بن سکتے ہیں، وہ ابھی تجربے کے دور سے گزر رہے ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شاہین افریدی کی کپتانی میں بھی نکھار آ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ افریدی ایک اچھے فائٹر ہیں تاہم ان کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اچھے کپتان بھی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے تاہم کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ کرکٹ پر ہوتی ہے، کھلاڑی یہ سمجھتا ہے کہ بورڈ میں آنا جانا تو لگا رہے گا لیکن ہمیں اپنے ملک کے لیے کھیلنا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی میچز میں بولنگ کے لیے تیار تھا لیکن موقع نہیں مل سکا۔

پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ کارکردگی دکھائے، اگر اپ اپنے باپ کی ٹیم میں بھی کھیل رہے ہوں تو آپ کو پرفارمنس دکھانی پڑتی ہے ورنہ آپ کو نکال کر باہرپھینک دیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس پی ایل کے میچ کے دوران اسد شفیق سے گرما گرمی پر افسوس ہوا، پاکستان کیلیے انھوں نے بہت کرکٹ کھیلی ہے، دوران کھیل گرم ماحول میں ایسا ہوجاتاہے، اعظم خان اور صائم ایوب مستقبل کے بہترین کرکٹر بن سکتے ہیں، دونوں کو تھوڑا وقت دینا پڑیگا، ہمارے بیشتر کھلاڑی نئے اور غیر تجربے کار ہیں، دنیا کی ٹیمیں تجربے کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کا روڈا اور سی بی ڈی پنجاب میں سفری سہولیات کے لئے نئے نظام کی تشکیل کا فیصلہ

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈا اور …