کیا پاک بھارت سیریز ہوگی؟ سابق چیئرمین پی سی بی کا اہم بیان سامنے آگیا

لاہور:(سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی موجودگی میں شہریار خان کو پاک بھارت سیریز کی امید نظر آنے لگی۔سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے سابق صدر بورڈ کی کمان سنبھالنے کیلیے بہترین انتخاب ہیں، ایم ڈی وسیم خان کیلیے سب سے بڑا چیلنج پرانے چہروں کو تبدیلی کیلیے آمادہ کرنا ہوگا، بورڈ آف گورنرزکو قانونی چارہ جوئی کی جانب نجم سیٹھی نے دھکیلا۔تفصیلات کے مطابق ایک غیرملکی ویب سائٹ کوانٹرویو میں شہریار خان نے کہا کہ احسان مانی کے چیئرمین پی سی بی بننے سے پاک بھارت سیریز کے امکانات میں اضافہ ہوگیا، امید ہے کہ معاملات میں بہتری آئے گی، آئی سی سی کے سابق صدر مانی بورڈ کی کمان سنبھالنے کیلیے بہترین انتخاب ہیں،وہ اپنے تجربے اور دیانتداری کے ساتھ پاکستان کرکٹ کو پیشہ ورانہ انداز میں بلندیوں کی جانب لے کر جا سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ایم ڈی وسیم خان سے چند سال قبل لیسٹر میں ملاقات ہوئی تھی، وہ ایک متاثرکن شخصیت کے مالک اور اس عہدے سے انصاف کرنے کی بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں سدھار لانا ان کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے،اس ضمن میں ان کیلیے سب سے بڑا چیلنج پرانے چہروں کو قائل کرنا ہوگا کہ تبدیلی کا عمل بہتری کیلیے ہے۔شہریار خان نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو بلانے کے بجائے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھانا زیادہ بہتر ہوگا۔بھارت سے ہرجانہ وصولی کیس میں ناکامی اور بعد ازاں اخراجات کی ادائیگی کے معاملے میں شہریار خان نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے نجم سیٹھی کو قصوروار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ میں باہمی سیریز کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حق میں تھا، نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ کے ارکان کو کیس دائر کرنے کے فیصلے کی حمایت پر مجبور کردیا، مجھے بھی یہ بات تسلیم کرنا پڑی، بی سی سی آئی کیخلاف کیس کی بنیاد موجود تھی لیکن موقف مضبوط نہیں تھا،بہرحال افسوس کی بات ہے کہ اس فیصلے کی پی سی بی کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …