قومی سلیکشن کمیٹی کی من مانیوں پر انگلیاں اٹھنے لگیں

لاہور ریجن نے پاکستان کپ کیلیے کرکٹرز کی سلیکشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا
لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) قومی سلیکشن کمیٹی کی من مانیوں پر انگلیاں اٹھنے لگیں جب کہ لاہور ریجن نے پاکستان کپ کیلیے کرکٹرز کی سلیکشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ترجمان عابد حسین کا کہنا ہے کہ میرٹ کو یکسر نظر اندازکرنے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں، لاہور ریجن سے تعلق رکھنے والے سعد نسیم، اعزاز چیمہ، رضوان حسین، علی زریاب آصف، نعمان انور، زید عالم، ظفر گوہر،آغا سلمان علی، محمد اخلاق، عثمان صلاح الدین اور وقاص احمدکو عمدہ کارکردگی کے باوجود حیران کن طور پرپاکستان کپ کی کسی بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جس سے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوئی۔انھوں نے پیٹرن انچیف پاکستان کرکٹ بورڈ وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ ٹیموں کی سلیکشن میں ہونے والی ناانصانی کا فوری نوٹس لیں تاکہ حقدارکھلاڑیوں کو حق مل سکے۔ترجمان لاہور ریجن نے بتایا کہ رضوان حسین نے قومی ٹی ٹوئنٹی اور قائد اعظم ٹرافی میں مجموعی طور پر 732رنز بنائے،وہ قومیٹی ٹوئنٹی کے دوسرے بہترین بیٹسمین بھی قرار پائے تھے، سعد نسیم نے قومی ون ڈے اور قائد اعظم ٹرافی میں مجموعی طور پر 785رنز اسکور کیے۔اسی طرح اعزاز چیمہ نے ڈومیسٹک کیلنڈر میں 75وکٹیں حاصل کی ہیں، نعمان انور نے لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈومیسٹک ایئر میں 700رنز بنائے، علی زریاب آصف اور سیف بدر آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی تسلسل سے پرفارم کر رہے ہیں،ان کو بھی کسی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، پاکستان اے کی نمائندگی کرنے والے عثمان صلاح الدین، وقاص احمد کو بھی یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔محمد اخلاق نے واپڈا کی طرف سے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں 80کی اوسط سے رنز بنائے لیکن سلیکٹرز ان سے متاثر نہیں ہوئے، ظفر گوہراورآغاسلمان علی کو بھی اس قابل نہیں سمجھا گیا کہ کسی ٹیم کا حصہ بنایا جاتا، ایسی صورتحال میں تمام کھلاڑیوں کی نظریں عمران خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی پر مرکوز ہیں کہ وہ سلیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا نوٹسلیں۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …