انگلش کاﺅنٹی سرے کے اوپنر نے 25گیندوں پر سنچری سکور کرکے تاریخ رقم کردی

ول جیکس نے لنکا شائر کیخلاف 10اوور کے میچ میں سنچری بنائی ، آفیشل میچ نہ ہونے کے سبب عالمی ریکارڈ قائم نہ کرسکے
لندن(میڈیا92نیوز آن لائن )انگلش کانٹی میں سرے کے اوپنر وِل جیکس نے لنکاشائر کے خلاف 10اوور کے میچ میں 25 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔یہ اب تک دو پیشہ ورانہ ٹیموں کے درمیان میچ کی سب سے تیز ترین سنچری اسکور قرار دیا جا رہا ہے تاہم آفیشل میچ نہ ہونے کے سبب جیکس عالمی ریکارڈ قائم نہ کر سکے۔کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2013 میں انڈین پریمیئر لیگ میں 31 گیندوں پر سنچری بنا کر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرایا تھا۔تاہم اس سنچری کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی10 میں سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ بنا دیا جو اس سے قبل ایلکس ہیلز کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال 87 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔جیکس نے مجموعی طور پر 30 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور ایک اوور میں مارے گئے 6 چھکوں سمیت 11 چھکے شامل ہیں۔ان کی اس اننگز کی بدولت سرے نے تین وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے جس کے جواب میں لنکاشائر کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر 81رنز ہی بنا سکی۔اپنے اس کارنامے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جیکس نے کہا کہ جب تک وہ 98 کے اسکور تک نہیں پہنچے تھے، اس وقت تک انہوں نے سنچری کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا، یہ سب کچھ انتہائی جلدی میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …