ون ڈے سریز: آج شاہین اور کینگروز پہلے ون ڈے میں آمنے سامنے

شارجہ (میڈیا92نیوزآن لائن) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے آج کیھلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا.
نئی سیریز میں نئے کپتان کے ساتھ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف نئی آزمائش سے گذرنا ہوگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے سے شارجہ اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ یہ سیریز ورلڈکپ کی تیاریوں کو حصہ ہے۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کے لئے اسپورٹس سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کی ہیں۔ گرین شرٹس نے آسٹریلیا کے خلاف آخری سیریز 17سال قبل جیتی تھی۔ 2002میں پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر دو ایک سے شکست دی تھی۔ دونوں ملکوں کے درمیان آخری سیریز جنوری2017 میں ہوئی تھی جس میں آسٹریلیا نے چار ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا، پاکستان سے کوئی سیریز نہیں ہارا۔2009 میں آسٹریلیا نےتین دو،2012 میں دو ایک اور2014میں تین صفر سے پاکستان کو شکست دی۔ پاکستان کے ریگولر کپتان سرفراز سمیت چھ کھلاڑی سیریز میں آرام کررہے ہیں۔ شعیب ملک کو ایسے وقت میں کپتانی ملی ہے جب ان کیکارکردگی اور فارم پر بہت سارے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ دو ماہ قبل جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں پاکستان کو تین دو سے شکست ہوئی تھی۔ توقع ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود میچ میں اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کریں گے جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو سیریز میں کردار اہم ہوگا۔ شعیب ملک کا کہنا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ ان کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ وہ آرام کے مستحق ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم میں ہم کسی کھلاڑی سے پریشان نہیں ہیں ،کسی ایک کھلاڑی کو فوکس نہیں کررہے ان کے پاس اچھے کھلاڑی ہیں۔ لیکن ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم بھارت کو ہوم گرائونڈ پر شکست دے کر متحدہ عرب امارات پہنچی ہے۔ شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے دس ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے ۔ کھلاڑیوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ اس سیریز پر توجہ مرکوز رکھیں لیکن کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم میں واپس آسکتا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کبھی آسان نہیں ہوتی موجودہ ٹیم حال ہی میں بھارت سے سیریز جیت کر آئی ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کے لئے زبردست فیصلہ کیا ہے۔ جو بھی کھلاڑی آسٹریلیا کی سیریز میں کارکردگی دکھائے گا اسے ورلڈ کپ کا ٹکٹ مل سکتا ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ بھارت سے جیت کر آرہے ہیں اور اسی تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ایشیائی ملکوں کی پچز ایک جیسی ہوتی ہیں۔ پاکستان ٹیم کسی بھی طرح آسان حریف نہیں ہے۔ گلین میکس ویل اب ٹھیک ہیں اور ٹریننگ میں شرکت کی ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے کوئی بھی ٹیم مشکل میں آسکتی ہے۔ آسٹریلیا ہمیشہ جارحانہ کھیلتی ہے۔ ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا حریف ٹیموں کے لئے خطرہ ہے۔ شعیب ملک کی کپتانی میں پاکستان نے 38 ایک روزہ میچ کھیلے، جس میں سے 25 میں وہ فتح یاب ہوئے جبکہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 98ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے32اور آسٹریلیا نے62جیتے، ایک میچ ٹائی رہا ،دو میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …