مثبت حکومتی اقدامات سے دم توڑتی معیشت کی سانسیں بحال ہورہی ہیں‘ جمشید چیمہ

مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام سعودیہ پاک معاہدوں کی عملی تکمیل کیلئے پیشرفت کا ذریعہ ثابت ہوں گے سعودی ولی عہد کے دور ے میں زراعت کی ترقی کیلئے بھی سرمایہ کاری اور تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے:رہنما تحریک انصاف
لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ان کی ٹیم کی دن رات کی محنت اور مثبت اقدامات کی وجہ سے دم توڑتی معیشت کی سانسیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں،مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام سعودی عرب او رپاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی تکمیل کیلئے پیشرفت کا ذریعہ ثابت ہوں گے،انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا میں سبز پاسپورٹ کی اہمیت ہو گی اور اسے عزت کی نگا ہ سے دیکھا جائیگا۔منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کے برعکس جھوٹی تشہیر پر توجہ مرکوز رکھی۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ہرماہ کرپشن کا ہوشربا سکینڈل سامنے آتا تھا لیکن آ ج حکومت کو آئے ہوئے چھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر گیا ہے اور حکومت کی سطح پر کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اوراسی عزم سے ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دور اندیش لیڈرہیں اور دنیا بھر میں ان کے اصلاحاتی ایجنڈے کوسراہا جارہا ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ان کی اقتصادی ٹیم معیشت کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے جس کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن حکومت کی کامیابیوں کی وجہ سے بوکھلا کر بے بنیاد پراپیگنڈا کررہی ہے ،جس کا مقصدصرف اپنی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج معتبر بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کے درست سمت میں گامزن ہونے کا عندیہ دے رہے ہیں جو پوری قوم کیلئے خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے بھی اقدامات تجویز کر رہی ہے اور سعودی ولی عہد کے حالیہ دور ے میں زراعت کی ترقی کیلئے بھی سرمایہ کاری اور تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

حمزہ شہباز کی رہائی عثمان بزدار کے لئے خطرہ ،ڈاکٹر طارق فضل نے اندر کی بات بتادی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر مملکت ڈاکٹر طارق …