صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف لوک گلوکار پٹھانے خان کی آج 19ویں برسی

صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف لوک گلوکار پٹھانے خان کی 19ویں برسی منائی گئی
لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن)صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کے حامل ملک کے معروف گلوکار پٹھانے خان کی 19ویں برسی ہفتہ کے روز منائی گئی ۔پٹھانے خان سنہ 1926 کو تمبو والی بستی کوٹ ادو میں پیدا ہوئے اور انکا اصل نام غلام محمد تھا ۔انہیں غزل، کافی، لوک گیتوں پر بے حد کمال حاصل تھا، پٹھانے خان نے کئی دہائیوں تک اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا اور خواجہ غلام فرید ، بابا بلھے شاہ ، مہر علی شاہ سمیت کئی شاعروں کے عارفانہ کلام کو گایا، جس پر حکومت نے اس نامور گلوکار کو 1979 میں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا۔پٹھانے خان نے 79 مختلف ایوارڈز حاصل کیے اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو بھی لوک گلوکار کی دل میں اترنے والی آواز کے معترف تھے جن کے فن کلام کو ان کے دیرینہ دوست اور بیٹے زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

پٹھانے خان کی آواز میں درد کے ساتھ بے پناہ کشش بھی تھی اور اسی لیے ان کا عارفانہ کلام سنتے ہی سامعین پر رقت طاری ہو جاتی ہے۔ان کے مشہور صوفیانہ کلام میں میڈا عشق وی توں میڈا یار وی توں، الف اللہ چنبے دی بوٹی مرشد من وچ لائی ہو ان کی دنیا بھر میں شہرت کا باعث بنا۔اس کے علاوہ جندڑی لئی تاں یار سجن، کدی موڑ مہاراں تے ول آوطناں، آ مل آج کل سوہنا سائیں، وجے اللہ والی تار، کیا حال سناواں، میرا رنجھنا میں کوئی ہور، اور دیگر ان کے مشہور گیتوں میں شامل ہیں۔پٹھانے خان 74سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد 9مارچ 2000میں انتقال کرگئے لیکن ان کے فن کے سحر میں مبتلا مداحوں نے کوٹ ادو کے تاریخی بازار کو ہی ان کے نام سے منسوب کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں

باتیں بنانا چھوڑیں اور ووٹ ڈال کر اپنا حق استعمال کریں، بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل …