پاکستانی نژاد گلوکار نعیم سندھی پاک سعودی ثقافت قریب لانے کیلئے کوشاں

عربی زبان پر بھی عبور حاصل ہے، وہ گلوکاری کے ساتھ عربی زبان میں وائس اوور کا فری لانس کام بھی کرتے ہیں
ریاض (میڈیا92نیوز آن لائن) پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی ثقافت کو مزید ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے جہاں دونوں ممالک ریاستی سطح پر بھی کوشاں ہیں، وہیں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نژاد گلوکار نعیم سندھی بھی اس تعاون کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔نعیم سندھی گزشتہ کئی سال سے سعودی عرب میں گلوکاری کے ذریعے نہ صرف اپنے صوبہ سندھ بلکہ پاکستان کے چاروں صوبوں کی موسیقی کے ساتھ ساتھ عرب موسیقی کو بھی پیش کرکے ایک نمایاں مقام بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔23 سالہ نعیم سندھی اس وقت سعودی عرب کے ساحلی اور پر رونق شہر جدہ میں رہتے ہیں اور وہیں ان کی پیدائش ہوئی تھی۔نعیم سندھی کے والدین کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کے شہر سن سے ہے اور وہ پچاس سال قبل روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب منتقل ہوگئے تھے۔
شہریت نہ لینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نعیم کا کہنا تھا کہ دراصل ان کے دادا نہیں چاہتے تھے کہ ان کی نسلیں اپنے وطن کو بھلا کر سعودی عرب کے ہوکر رہ جائیں، اس وجہ سے نہ تو ان کے والدین نے شہریت لی اور نہ ہی انہوں نے کبھی اس حوالے سے سوچا۔سعودی عرب میں تعلیم اور تربیت لینے والے نعیم سندھی نے اگرچہ باضابطہ طور پر نہ تو سندھی زبان کی تعلیم حاصل کی ہے اور نہ ہی انہوں نے اردو، پنجابی، سرائیکی اور بلوچی زبان کو باقاعدگی سے پڑھا ہے، لیکن پھر بھی وہ روانی سے یہ زبانیں بول لیتے ہیں۔پاکستان کی بڑی زبانوں کے ساتھ نعیم سندھی کو عربی زبان پر بھی عبور حاصل ہے، وہ گلوکاری کے ساتھ عربی زبان میں وائس اوور کا فری لانس کام بھی کرتے ہیں۔چوں کہ انہوں نے تعلیم و تربیت بھی سعودی عرب میں حاصل کی، اس وجہ سے ابتدائی طور پر ان کی دلچسپی بھی صرف عربی میوزک میں ہی تھی، تاہم انہیں بڑھتی عمر نے احساس دلایا کہ اپنی مادری زبان اور اپنے ملک کی ثقافت ہی انسان کو منفرد شناخت فراہم کرتی ہے۔نعیم سندھی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں عربی ہپ ہاپ میوزک میں دلچسپی تھی اور انہوں نے اس پر کافی عبور بھی حاصل کرلیا تھا۔جیسے جیسے نعیم سندھی کی عمر بڑھتی گئی ان کی میوزک میں دلچسپی بھی بڑھتی گئی اور ان کی توجہ عربی ہپ ہاپ سے ہٹ کرپاکستانی موسیقی کی طرف ہوگئی اور انہوں نے کسی خاص استاد کے بغیر ہی پاکستان کی مختلف زبانوں میں گلوکاری کی شروعات کردی۔

یہ بھی پڑھیں

باتیں بنانا چھوڑیں اور ووٹ ڈال کر اپنا حق استعمال کریں، بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل …