قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے عالمی کپ جیتنے کی یقین دہانی کرادی ہے

لاہور (میڈیا92نیوز نیٹ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری جاری کرتے ہوئے عالمی کپ جیتنے کی یقین دہانی کرادی ہے ،ان کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے ہر میچ پر توجہ ہے جہاں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی،بھرپور تیاریاں جاری ہیں اور مجھ سمیت ہر کوئی فٹنس پر محنت کر رہا ہے ،کپتان،کوچ اور سلیکٹرز ایک صفحے پر ہیں،اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کریں گے ،جلد ہی مشاورت کے بعد حتمی ٹیم کا انتخاب کرلیا جائے گا،آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام کرنے سے کافی فائدہ ہوا ہے ۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستانی شائقین کرکٹ کو خوش خبری سنا دی ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیتنے کیلئے انگلینڈ جا رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ہر میچ کو اپنی توجہ کا مرکز بنایا ہوا ہے اور یقین ہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی۔ ایک سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ دیگر تمام ممالک کی طرح ان کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے اور اس کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔قومی کپتان نے واضح کیا کہ ان سمیت تمام پلیئرز فٹنس کی بہتری پر سخت محنت کر رہے ہیں اور ٹیم کا مورال بلند کرنے کا منصوبہ بھی پیش نظر ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تشکیل کیلئے وہ سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کے ساتھ ایک ہی صفحے پر ہیں لہٰذا اسکواڈ میں بہت زیادہ ردو بدل نہیں کیا جائے گا اور بہت جلد انضمام الحق اورمکی آرتھر سے مشاورت کے بعد حتمی ٹیم کا انتخاب کرلیا جائے گا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ دو ہزار انیس کا فارمیٹ قدرے مشکل ہے تاہم بھارت کیخلاف اس ٹورنامنٹ میں میچ قدرے اہم ہوتا ہے لہٰذا اسے جیتنے کی پوری کوشش کریں گے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ موجودہ ٹیم بہت اچھی ہے ۔وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ان کی بھی اولین خواہش یہی ہے کہ اس بار ورلڈ کپ میں ٹائٹل کامیابی حاصل کی جائے لیکن گرین شرٹس کو ٹرافی جیتنے میں ناکامی بھی ہوئی تو پلیئرز میدان میں بھرپور فائٹ کرتے دکھائی دیں گے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل قوت اس کی بالنگ کا شعبہ ہے جس میں شامل فاسٹ بالر محمد عامر کو اپنی کارکردگی پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے جبکہ دیگر بالرز بھی اپنی خامیوں کو دور کرنے میں مصروف ہیں۔آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام سے متعلق سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ان سمیت تمام پلیئرز کو فائدہ ہوا ہے کیونکہ لگاتار کرکٹ کی وجہ سے ریسٹ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔پی ایس ایل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ میں ٹائٹل کامیابی کی انہیں بھی بہت زیادہ خوشی ہے کیونکہ یہ محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ برانڈ بن چکا ہے اور اس مرتبہ انہیں اپنے شہر میں میچز کھیلنے کا زیادہ لطف محسوس ہوا جہاں انہیں شائقین کرکٹ کی بھرپور حمایت بھی حاصل تھی۔سرفراز احمد نے شائقین اور مداحوں سے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی کارکردگی کے ساتھ قوم کی دعائیں بھی درکار ہیں۔واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں مشن ورلڈ کپ 2019 ء کیلئے پاکستانی کھلاڑی 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوں گے جن کو اس سے قبل فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ بھی مکمل کرنا ہے جس کیلئے 23 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے ۔فٹنس ٹیسٹ کے بعد 18 اپریل تک عالمی کپ کے حتمی اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے اور سرفراز احمد پرامید ہیں کہ منتخب کھلاڑی انگلش کنڈیشنز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیں

لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

لاہور: محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ …