کراچی ‘پی ایس ایل فائنل پر سیکورٹی ہائی الرٹ

غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی
کراچی(میڈیا92نیوزآن لائن) کراچی میں سیکورٹی ہائی الرٹ، پی ایس ایل فور کے میچز کھیلنے کے لیے کراچی آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی سخت کردی گئی۔ ہفتے کے روز کراچی کے ہوٹل پرل کانٹی نینٹل اور مووان پک کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی، ہوٹل میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ سیکورٹی اداروں نے دو روز قبل سہراب گوٹھ سے چوری ہونے والا ٹرک دہشت گردی میں استعمال ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا جس کے بعد شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کرکے غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی، شہر کے دونوں بڑے ہوٹلوں کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ ہوٹلوں کے اطراف نظر آنے والے مشکوک افراد کو فوری حراست میں لینے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ جبکہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف بھی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سہراب گوٹھ سے چوری ہونے والے ٹرک کا ممکنہ طور پر دہشت گردی میں استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔لوڈنگ ٹرک نمبر جے وی 4635 دو روز قبل سپرہائی وے پر الاصف اسکوائر کے عقب سے چوری کیا گیا تھا۔ جبکہ پولیس کراچی بھر میں ٹرک کو تلاش کر رہی ہے،ٹرک کی تصاویر کے ساتھ مختلف علاقوں میں اشتہارات بانٹے گئے ہیں۔ کراچی پولیس نے چوری کیے گئے ٹرک کی تصاویر کا اشتہار سوشل میڈیا پر بھی وائرل کردیا۔ دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی جانب سے ٹرک کی اطلاع دینے والے کیلئے نقد انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان سپر لیگ میچز کیلئے آنے والے غیر ملکیوں کو فول پروف سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیاگیا اور جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری رکھی گئی۔ حساس اداروں نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں سمیت مضافاتی علاقوں میں بھی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھیں، اس دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں جن میں سے بیشتر کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد رہا کر دیا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے اورپی سی بی حکام ہائی الرٹ ہو گئے تھے، پی ایس ایل میں مصروف ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ان کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز نیشنل اسٹیڈیم کی مسجد میں آنے والوں پر خصوصی نظر رکھی گئی تھی سیکورٹی عملہ پوری طرح چوکس رہا۔ سیکورٹی اداروں نے نجی اسپتال کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم پیدل آنے والوں کو بھی روک دیا تھا جس سے میچ کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے پی سی بی کی جانب سے فراہم کردہ ایکریڈیٹیشن کارڈ رکھنے والے صحافیوں کو بھی روک کر ان سے پوچھ گچھ کی اور بعد میں جانے کی اجازت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …