انڈیا میں موبائل ڈیٹا دنیا میں سب سے سستا ، پاکستان کا 33 واں نمبر

پاکستان میں ایک گیگا بائٹ موبائل ڈیٹا کی قیمت انڈیا میں موجودہ اوسط قیمت سے سات گنا سے بھی زائد ہے، رپورٹ
لندن(میڈیا92نیوز آن لائن)ایک تازہ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں سب سے سستا موبائل ڈیٹا انڈیا میں دستیاب ہے جبکہ 230 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 33 واں ہے۔اس تحقیق میں دنیا کے 230 ممالک میں موبائل ڈیٹا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔قیمتوں کا موازنہ کرنے والی ’کیبل‘ نامی ویب سائٹ کے مطابق انڈیا میں ایک گیگا بائٹ (جی بی) موبائل ڈیٹا کی اوسط قیمت 26 امریکی سینٹ کے برابر ہے جبکہ پاکستان میں اتنے ہی موبائل ڈیٹا کی اوسط قیمت 1.85 امریکی ڈالر ہے۔پاکستان میں ایک گیگا بائٹ ڈیٹا کی قیمت انڈیا میں موجودہ اوسط قیمت سے سات گنا سے بھی زائد ہے۔ایشیا میں واقع دیگر ممالک میں بھی موبائل ڈیٹا کی اوسط قیمت پاکستان سے کم ہے۔اس فہرست میں بنگلہ دیش 13 ویں (0.99 امریکی ڈالر فی گیگا بائٹ)، ایران 19 ویں (1.28 ڈالر) اور افغانستان 26 ویں (1.60 امریکی ڈالر) نمبر پر ہے۔ اگرچہ پاکستان کا ہمسایہ ملک چین معاشی طور پر مستحکم ہے اور یہاں انٹرنیٹ صارفین بھی کثیر تعداد میں ہیں مگر چین اس لسٹ میں 165 ویں نمبر پر ہے اور یہاں فی گیگا بائٹ کی اوسط قیمت 9.89 امریکی ڈالر ہے۔قیمتوں کے حوالے 20 سستے ترین ممالک میں سے تقریباً آدھے ایشیائی ممالک ہیں۔ صرف تائیوان، چین اور جنوبی کوریا میں اس کی قیمت اوسط عالمی قیمت سے زیادہ وصول کی جا رہی ہے۔اس رپورٹ میں صرف سم پر دیے جانے والے پیکیجز کو جانچا گیا ہے جبکہ اس میں ہر ملک میں یہ سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔اس تحقیق میں پاکستان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہاں ایک گیگا بائٹ موبائل ڈیٹا کی قیمت اوسطً 1.85 امریکی ڈالر یا 258.73 پاکستانی روپے ہےاس تحقیق میں پاکستان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہاں ایک گیگا بائٹ موبائل ڈیٹا کی قیمت اوسطً 1.85 امریکی ڈالر یا 258.73 پاکستانی روپے ہے۔پاکستان میں سب سے سستا ایک گیگا بائٹ ڈیٹا پیکج 0.29 امریکی ڈالر میں میسر ہے جبکہ سب سے مہنگا 7.15 امریکی ڈالر میں۔اس تحقیق کے لیے پاکستان میں 58 سروس پلانز کو جانچا گیا تھا اور یہ نمونے 16 نومبر سنہ 2018 کو لیے گئے تھے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جنوری 2019 میں جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد 155 ملین (15.5 کروڑ) ہے۔3 جی اور 4 جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد لگ بھگ 63 ملین (یا 6.3 کروڑ) ہے جبکہ براڈ بینڈ کے صارفین 65 ملین (6.5 کروڑ) سے تجاوز کر چکے ہیں۔رپورٹ بتاتی ہے کہ دنیا بھر میں ایک گیگا بائٹ موبائل ڈیٹا کی قیمت اوسطً 8.53 امریکی ڈالر ہے۔امریکہ میں ایک گیگا بائٹ ڈیٹا کی قیمت 12.37 امریکی ڈالر ہے اور لسٹ میں یہ 182 ویں نمبر پر ہے جبکہ برطانیہ میں یہ قیمت 6.66 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ اس فہرست میں برطانیہ 136 ویں نمبر پر ہے۔زمبابوے میں موبائل ڈیٹا کی قیمت دنیا میں سب سے زیادہ ہے جہاں اوسطاً ایک گیگا بائٹ کی قیمت 75.20 امریکی ڈالر ہے۔مغربی یورپ میں سب سے سستا موبائل ڈیٹا فِن لینڈ میں ہے اور اس کی قیمت 1.16 امریکی ڈالر ہے۔ ڈنمارک، موناکو اور اٹلی میں اس کی قیمت دو امریکی ڈالر سے کم ہے۔جبکہ مشرقی یورپ کے ملک پولینڈ میں یہ سب سے سستا ہے جہاں ایک گیگا بائٹ کی قیمت 1.32 امریکی ڈالر ہے، رومانیہ میں 1.89 امریکی ڈالر جبکہ سلووینیا میں 2.21 امریکی ڈالر ہے۔افریقہ کے ممالک میں موبائل ڈیٹا کے حوالے سے سب سے زیادہ تفاوت پایا جاتا ہے۔ روانڈا، سوڈان اور کانگو میں یہ ایک امریکی ڈالر سے بھی کم قیمت پر میسر ہے جبکہ دوسرے افریقی ممالک جیسا کہ استوائی گنی اور سینٹ ہیلنا میں اتنے ہی موبائل ڈیٹا کی قیمت 50 امریکی ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں

لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

لاہور: محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ …