بندر بانٹ (عامر محمود بٹ)

ضلع لاہور میں پٹواریوں کے جنرل تبادلوں کا ایک شور مچ چکا ہے ، پٹواریوں کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کی اس غیرقانونی پریکٹس کی صوبے بھر میں چرچے ہورہے ہیں محکمہ ریونیو سے وابستہ تحصیلدار ، نائب تحصیلدار ، قانگو ، اور خود پٹواریوں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی اس ٹرانسفر پوسٹنگ کے عمل سے ناصرف خائف نظر آتی ہے بلکہ دبے لفظوں احتجاج کا سلسلہ بھی شروع ہو چکاہے.

مبینہ طور پر ملنے والی اطلاعلات کے مطابق ضلع لاہور میں ہونے والی اس ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں تقریباً کروڑوں روپے کی رشوت وصولی بھی کی گئی ہے اور اس ضمن میں سب کی نگاہیں اس وقت ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوھر نفیس اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن پر ٹکی ہوئی ہیں کہ اب دیکھتے ہیں کہ احتسابی ادارہ اس پر اپنا کیا کردار ادا کرتا ہے ؟

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کے قریبی حلقوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ خود ڈپٹی کمشنر لاہور بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے کی جانے والی اس ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحقیقات کروانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور وہ اب کیا اقدام کرنے والے ہیں یہ تو آنیوالا وقت ہی بتائے گا

ایک کمرے سے دوسرے کمرے تک ہونے والی اس ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے اثرات ناصرف بورڈ آف ریونیو بلکہ صوبے بھر کے محکمہ مال پر بھی پڑ رہے ہیں مبینہ طور پر ملنے والی معلومات کے مطابق اس بہتی گنگا میں تحصیل ماڈل ٹاؤن کے پی اے محسن صابر نے سب سے زیادہ ہاتھ دھوئے ہیں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی نیک نامی اور معصومیت کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے موصوف نے دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کا بازار گرم کیے رکھا ، اسطرح تحصیل کینٹ میں ہونے والی ٹرانسفر میں بھی چند پٹواریوں کے زریعے رشوت وصولی کی ریکوری کرتے ہوئے اچھا خاصا ریونیو اکٹھا کر لیا گیا تحصیل سٹی میں بھی جو بندر بانٹ کی گئی وہ زبان زدِ عام ہے سب کو معلوم ہے کہ کس کس کے ذریعے تحصیل سٹی کے پٹوار خانوں کے ایک کمرے سے دوسرے کمروں تک بستے تبدیل کروائے گئے۔تحصیل سٹی کے موضع نیاز بیگ کی ایک بار پھر بولی لگائی گئی اور سب سے زیادہ بولی دینے والے پٹواری سے حصہ لیکراس کے آڈر کر دئیے گئے۔

تحصیل رائے ونڈ میں جن پٹواریوں پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے مقدمات درج کروائے ، جن پٹواریوں کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں سنگین الزامات کے تحت انکوائریاں اور مقدمات کا اندراج ہے ان کو بھی ان کی مرضی کے پٹوار سرکل الاٹ کردئیے گئے

ذرائع کے مطابق تحصیل شالیمار میں جن پٹوار خانوں کے پٹواریوں کو تبدیل نہیں کیا گیا تھا اب ان کو بھی تبدیل کرتے ہوئے اس پریکٹس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے اس کو تیز کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ضلع لاہور میں پٹواریوں کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کی آڑ میں کی جانے والی بندر بانٹ اور کرپشن کی گونج اس وقت ایوان وزیر اعلی ، چیف سیکرٹری آفس ، کمشنر لاہور آفس ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب آفس ، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب آفس تک پہنچ چکی ہیں اور اطلاعلات یہ بھی ہیں کہ اس ساری کرپشن میں ملوث جو مہرے استعمال ہوئے ہیں اور جن پٹواریوں کے ذریعے پیسے اٹھائے گئے ہیں ان سب کا تعین بھی کیا جارہا ہے جس کے انکشافات اچانک سب پر عیاں ہوں گے۔

عامر محمود بٹ
[email protected]
0321-6666202

یہ بھی پڑھیں

شہری اراضی کا ریکارڈ کمپوٹرائیشن، بورڈ آف ریونیو کے شعبہ پلس کا قابل فخر کارنامہ، جائیدادوں پر قبضے، جھوٹی درخواستیں، تنازعہ جات کا خاتمہ ہوجائے گا۔

شہری اراضی کا ریکارڈ کمپوٹرائیشن، بورڈ آف ریونیو کے شعبہ پلس کا قابل فخر کارنامہ، …