ایک وقت میں سیکڑوں پلیٹیں دھونے والا روبوٹ تیار

کیلیفورنیا (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) بڑے ریستورانوں میں برتن دھونے کے لیے خاص عملہ رکھا جاتا ہے اور پلیٹوں کو فوری طور پر دھونا ایک مسئلہ ہوتا ہے، اب ڈش کرافٹ نامی کمپنی نے ایک ایسا روبوٹ بنایا ہے جو بہت تیزی سے سیکڑوں پلیٹیں دھوکر صاف کردیتا ہے۔

صرف امریکا میں ہی 5 لاکھ افراد ڈش واشر کی نوکری کرتے ہوئے ریستورانوں میں جھوٹی پلیٹیں دھوتے ہیں اور اب سیلیکن ویلی کی ایک کمپنی نے ایک خودکار روبوٹ بنایا ہے جو فی الحال ایسے پیالوں اور پلیٹوں کو دھوتا ہے جن سے کوئی دھات منسلک ہوتی ہے۔

ڈش کرافٹ کمپنی کے مالکان لِنڈا پولیوٹ اور پال برک مائر نے کہا ہے کہ مستقبل میں وہ دیگر اقسام کے دوسرے برتن بھی دھونے کےقابل ہوسکے گا، ہوٹل کا عملہ پلیٹوں کو ایک برتن میں جمع کرتا رہتا ہے اور روبوٹ اس کی نگرانی کرتا ہے، جب پلیٹیں ایک خاص تعداد تک پہنچ جاتی ہیں تو وہ اسے ایک ڈش واشر مشین میں پہنچادیتا ہے۔

روبوٹ مقناطیس کے ذریعے پلیٹیں اٹھاتا ہے اور ربڑ کے ٹکڑے سے بچا کچھا کھانا صاف کرتا ہے پھر کیمرے اور سینسر کی مدد سے وہ پلیٹوں کو پانی سے دھوکر صاف کرتا ہے اور اس عمل میں ری سائیکل پانی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد عملہ جراثیم کش مائع سے پلیٹوں کو مزید صاف کردیتا ہے۔

کمپنی کے مالکان کے مطابق وہ ایسے روبوٹ پر ایک عرصے سے کام کررہے ہیں اور وہ اسے ریستوران میں دیکھنا چاہتے تھے اور اسی بنا پر برتن دھونے والا روبوٹ بنایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریستوران کی صنعت اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائے گی۔

واضح رہے کہ کمپنی کے مالک خود بھی ایک ریستوران پر رکابیاں دھونے کا کام کرتے رہے ہیں اور اب وہ ڈش واشنگ کے عمل کو خودکار بنانا چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی اس عمل سے ہوٹلوں میں برتن دھونے والوں کی ملازمتوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ جلد یا بدیر آٹومیشن کے تحت روبوٹ انسانوں کی جگہ لے لیں گے کیوں کہ روبوٹ تھکتے نہیں اور نہ ہی چھٹی مانگتے ہیں جب کہ ڈش کرافٹ کمپنی کو اپنی مصنوعات کے لیے 25 ملین ڈالر کی ترقیاتی رقم بھی مل چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پالتو کتے نے مالک کے گھر سے دہائیوں پرانا بم دریافت کرلیا

فلوریڈا: امریکا میں ایک پالتو کتے نے گھر کے آنگن میں مٹی کھودتے وقت دہائیوں پرانا …