بلاول کی نیب میں پیشی، زرداری کی معذرت: اسلام آباد میں جیالوں کے داخلے پر پابندی

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آج نیب میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد انتظامیہ نے جیالوں کے شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت کی نیب میں پیشی پر دیگر شہروں سے اسلام آباد آنے والے کارکنوں کے داخلے سے حالات خراب ہوسکتے ہیں اس لیے انہیں روکنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اب سے کچھ دیر بعد نیب کے روبرو پیش ہوں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے رات گئے نیب میں پیشی سے ایک بار پھر معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری پچھلی پیشی پر بھی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکے تھے، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم آصف زرداری کی عدم پیشی کے بارے میں آج فیصلہ کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ احتجاج کی کال نہ دیے جانے کے باوجود کارکنان اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے۔

بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈرتے ہیں تبدیلی والے، پاکستانیوں کے جمہوری حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات گئے نوٹی فکیشن جاری کر کے خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد میں مخالفین کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

دوسری جانب سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے کارکنوں کو روکنے کے سرکاری حکم نامے کی شدید مذمت کی ہے۔

نیر بخاری کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے لبادے میں آمریت منظور نہیں، احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جانا نئی بات نہیں، پارٹی قیادت کے خلاف جعلی اور جھوٹے مقدمات بغض اور عناد کا تسلسل ہیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے خوف سے مخالفین کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، پارٹی قیادت ایک بار پھر سرخرو اور مخالفین شرمندہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …