بھارتی پائلٹ رہا کر کے پاکستان نے دنیا بھر میں امن پسند ملک ہونے کا ثبوت دیا، عارف لوہار

لاہور (میڈیا92نیوز آن لائن)معروف فوک گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ رہا کر کے پاکستان نے دنیا بھر میں امن پسند ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے ، ہماری فوج ہمارا مان ہے ، کلمے کے نام پر حاصل کیے گئے ملک پاکستان کی حفاظت خدا کے سپاہی خود کرتے ہیں اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنا بھی مہنگا پڑتا ہے ۔ انہوں نے این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم فنکار امن کے سفیر ہوتے ہیں جو دنیا میں امن ، محبت اور بھائی چارے کی بات کرتے ہیں ، ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات کے خواہاں رہے ہیں مگر بھارت نے ہمیشہ ہماری امن پسندی کو کمزوری تصور کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ امن سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں ،امن کے راستے پر چل کر ہی دنیا کے ہر مسئلے کا حل نکل سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک امن پسند لوگوں کا ہے اور ہم بلا وجہ جنگ جیسے خطرناک سے نہیں گزرنا چاہتے ۔ہماری افواج کا شمار دنیا کی پانچ بہترین افواج میں ہوتا ہے اور ہمارے وطن کے جوان ہمارا مان ہیں جو اپنے وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔عارف لوہار نے کہا کہ میں بھارتی وزیر اعظم کو کہتا ہوں کہ وہ صرف امن کی بات کریں کیونکہ امن سے ہی دونوں ممالک کے عوام میں خوشحالی آسکتی ہے ۔ اگر خدانخواستہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر ہم اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خیر سگالی طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے دنیا میں ثابت کر دیاہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

باتیں بنانا چھوڑیں اور ووٹ ڈال کر اپنا حق استعمال کریں، بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل …