شہر بنیں گے، پلازوں کے جنگل

زرعی زمین بچانے کے لئے شہروں کا پھیلاؤ روکیں گے، وزیر اعظم
اسلام آباد(میڈیا92نیوزآن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مائنڈسیٹ پرانی حکومت سے مختلف ہے ، ملک سے غربت کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، زرعی زمین بچانے کیلئے شہروں کے پھیلاؤ کو روکیں گے ،کچی آبادیوں میں فلیٹ بنائے جائیں گے اورمکینوں کو مالکانہ حقوق دینگے ، ہم 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں بے شمار افراد کے پاس اپنا گھر نہیں ہے ، چھوٹے طبقے کے لیے قرضہ لینا بڑا مشکل ہوتا ہے ،عوام کو گھر فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ، ہاؤسنگ سکیم کا مقصد گھروں سے محروم افراد کو گھر فراہم کرنا ہے ۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزیدکہا اس سکیم سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ، ہمارا مقصد غربت کا خاتمہ ہے جس کیلئے چین سب سے بڑی مثال ہے ، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے نہ صرف غریبوں کو اپنا گھر ملے گا بلکہ 40 دیگر معاشی شعبوں میں بھی بہتری آئے گی،گورنر سٹیٹ بینک کی جانب سے قرضے دینے کا اعلان کیا گیا جو قابل ستائش ہے ، گورنر سٹیٹ بینک کی جانب سے فاٹا کیلئے خصوصی پیکیج بھی اچھا اقدام ہے ۔وزیراعظم نے کہا قبائلی علاقے کے لوگوں کو بھی گھروں کی ضرورت ہے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ کے بعد فاٹاکے حالات بہت برے ہیں، قبائلی لوگوں کواس پیکج میں شامل کرنا بہت اچھی بات ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنائیں گے ، اسلام آباد کی کچی آبادی کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور مکانات کی تعمیر سے چھت کی فراہمی سمیت روزگار کے بے پناہ مواقع میسرآئیں گے ۔اس سے قبل گورنر سٹیٹ بینک نے خطاب کرتے ہوئے نچلے طبقے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کا اعلان کیا اور کم لاگت گھروں کیلئے فنانس پالیسی کا اجرا بھی کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم کے شعبے سے متعلق معاملات کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ملک میں موجود تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت پر توجہ دینے کی بجائے مہنگی درآمد کو ترجیح دی گئی جس سے نہ صرف صنعتی صارفین متاثر ہوئے بلکہ عام عوام پر مہنگائی کے بوجھ میں اضافہ ہوا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تیل و گیس کی دریافت کے لئے نئے قوانین جلد از جلد مشترکہ مفادات کی کونسل کے سامنے پیش کئے جائیں تاکہ ان کو حتمی شکل دی جا سکے ۔ وزیراعظم نے وزارت سے منظوریوں کے عمل کو کم سے کم جبکہ غیر ضروری طوالت اور سرخ فیتے کے خاتمے کے لئے تمام عمل کو ڈیجیٹل کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ضروری منظوری کے لئے ایک مخصوص میعاد میں تکمیل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لئے موجودہ قوانین اور انتظامی اصلاحات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تیل و گیس کی دریافت سے وابستہ مقامی کمپنیوں کو تلاش کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پٹرولیم ڈویژن کو تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ملک میں سکیورٹی کی موجودہ بہتر صورتحال کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کمپنیوں کو مزیدسکیورٹی فراہم کرنے کے لئے خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لئے معروف غیر ملکی کمپنیوں کو ترغیب دینے کے لئے بیرون ممالک روڈ شوز کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔مزیدبرآں وزیراعظم سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔صباح نیوز کے مطابق ملاقات میں ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کیخلاف جاری کارروائی پر بھی گفتگوکی گئی، اس سلسلے میں پارلیمانی قیادت اورمذہبی جماعتوں کی قیادت کو اعتماد میں لینے کے امور بھی زیر غور آئے ۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔وزیراعظم نے کہا پاکستان کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ، اپنے دفاع کا حق استعمال کرتا رہے گا، مسلح افواج نے جارحیت کو بھرپور انداز میں ناکام بنایا،قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

لاہور: محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ …