لیڈز میں پاک افغان میچ میں گڑبڑ کی تفتیش شروع کردی گئی

لندن (میڈیا92نیوز آن لائن)تفتیش کاروں نے لیڈز میں پاک افغان کرکٹ میچ کے موقع پر گڑبڑ کی تفتیش شروع کردی ہے، یہ میچ شروع ہونے سے قبل اور اس کے اختتام پر پاکستانی تماشائیوں پر حملے کئے گئے تھے، جس سے کئی پاکستانی شائقین زخمی ہوگئے تھے۔ ویسٹ یارک شائر پولیس نے اس ہنگامہ آرائی کے حوالے سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ پولیس نے دی نیوز اور جیو کو بتایا کہ اس حوالے سے4 افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی کہ جمعہ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کے موقع پر، جسے دیکھنے کیلئے ہزاروں پاکستانی اور بنگلہ دیشی موجود ہوں گے، پولیس کا تفصیلی حفاظتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ویسٹ یارک شائر پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کا محور انتہائی سنگین جرم پر رکھا جائے گا اور اس کا مقصد گڑبڑ کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کرنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پولیس کو سینٹ مائیکل لین میں اسٹیڈیم کے باہر گڑبڑ پر طلب کیا گیا تھا، جہاں اطلاعات کے مطابق12 بجے دوپہر سے قبل بعض لوگ دیوار پر چڑھ رہے تھے اور انھوں نے گیٹ پر موجود عملے کو زدوکوب کیا تھا۔ گڑبڑ پھیلانے کے شبہے میں22 سال عمر کے 2افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، بعد میں ان میں سے ایک کو کسی چارج کے بغیر رہا کردیا گیا جبکہ دوسرے کو ضمانت پر رہاکیا گیا ہے اور اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ برمنگھم سے تعلق رکھنے والے ایک17 سالہ لڑکے کو پچ پر جا کر حملہ کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، جسے بعد میں کوئی چارج لگائے بغیر رہا کردیا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیوز میں گرائونڈ کے باہر تماشائیوں کو ایک دوسرے کو مکے اور لاتیں مارتے اور کرسیاں چلاتے دیکھا گیا تھا۔ ویڈیوز میں افغان ٹیم کے حامیوں کو پاکستانی ٹیم کے مداحوں کو مکے مارتے اور کرسیاں پھینکتے دیکھا گیا تھا۔ لیڈز ڈسٹرکٹ کے پولیس کے آپریشنل چیف سپرنٹنڈنٹ کرس بووین نے بتایا کہ پولیس نے اس واقعے کی تفصیلی تفیتش کی ضرورت کو محسوس کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …