ورلڈکپ:بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دے دی، میچ کا مکمل احوال پڑھیے

ورلڈ کپ 2019 کے ایک اہم میچ میں بھارت نے روہت شرما کی شان دار سنچری کی بدولت 314 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 286 رنز پر آوٹ کرکے میچ 28 رنز سے جیت لیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے دونوں بھارتی اوپنرز روہت شرما اور لوکیش راہل نے 180 رنز کا آغاز فراہم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔

روہیت شرما 92 گیندوں میں 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یہ ان کی رواں ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی سنچری ہے۔

بھارت کے دوسرے اوپنر راہل بھی 77 رنز کی ایک اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان ویرات کوہلی، بنگلہ دیش کے خلاف اس میچ میں ایک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور صرف 26 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی وکٹ بن گئے۔

ویرات کوہلی جب آؤٹ ہوئے تو بھارت کا اسکور 39 ویں اوور میں 238 رنز تھا تاہم ان کے بعد ہرڈک پانڈیا بھی صفر پر آوٹ ہوئے تو بھارتی ٹیم مشکل میں نظر آرہی تھی لیکن مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیم کو سنبھال لیا۔

دھونی نے پانچویں وکٹ میں رشبھ پانٹ کے ساتھ 40 اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں دنیش کارتک کے ساتھ 21 رنز کا اضافہ کرکے بھارت کو 298 رنز تک پہنچایا تاہم ان کی 35 رنز کی انفرادی اننگز 311 رنز پر ختم ہوگئی، پانٹ نے 48 اور کارتک نے 8 رنز بنائے۔

مستفیض الرحمٰن نے آخری اوور میں 3 بلے بازوں کو آوٹ کرکے نہ صرف اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں بلکہ بھارت کی ٹیم کو 9 وکٹوں پر 314 رنز تک محدود رکھا۔

بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن نے 5 وکٹیں حاصل کیں، شکیب الحسن، سومیا سرکار اور روبیل حسین کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

بھارت کے محمد شامی نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ حاصل کی اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال کو 39 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو تجربہ کار اوپنر تمیم اقبال 39 کے اسکور پر 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد سومیا سرکار اور شکیب الحسن نے اسکور کو 74 رنز تک پہنچایا جس میں سومیا سرکار کا حصہ 33 رنز تھے۔

مشفق الرحیم نے شکیب الحسن کا ساتھ دینے کی کوشش ضرور کی لیکن چاہل نے ان کی اننگز 24 رنز تک محدود کردی اور 121 کے مجموعے پر بنگلہ دیش کو تیسرا نقصان پہنچایا۔

بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ ایک ایسے وقت میں گری جب ایک اچھی شراکت کی ضرورت تھی اور لٹن داس 22 رنز بنا کر شکیب الحسن کا ساتھ دے رہے تھے لیکن ہارڈک پانڈیا نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

شکیب الحسن نے مصدق حسین کے ساتھ 173 تک پہنچایا تو مصدق 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شکیب الحسن کو ہارڈک پانڈیا نے آوٹ کرکے بنگلہ دیش کی امیدوں کو ختم کردیا، انہوں نے 66 رنز بنائے۔

شبیر رحمٰن اور محمد سیف الدین نے 66 رنز کی ایک اچھی شراکت قائم کی لیکن ان کی یہ کارکردگی ٹیم کو جیت کے قریب لانے میں کامیاب نہ ہوسکی اور بمرا نے شبیر کو آؤٹ کرکے ان کے ارادوں کو بھی ختم کردیا، انہوں نے 36 رنز بنائے۔

بھونیشور کمار نے بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کو 8 رنز کے اضافے کے بعد پویلین بھیج کر آٹھویں وکٹ گرا دی جس کے بعد بمرا نے روبیل حسین اور مستفیض الرحمٰن کو آؤٹ کر کے میچ کو ختم کر دیا۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی میچ میں 28 رنز سے شکست ہوئی۔

ورلڈ کپ کے اہم میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں جبکہ بھارتی ٹیم بھی 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔

بنگلہ دیشی ٹیم میں مہدی حسن اور محمود اللہ کی جگہ روبیل حسین اور شبیر رحمٰن کو شامل کیا گیا جبکہ بھارتی ٹیم نے کلدیپ یادیو اور کیدار جادھو کو آرام کا موقع دیا اور ان کی جگہ بھونیشور کمار اور دنیش کارتک کو ٹیم میں شامل کیا۔

بنگلہ دیش کے لیے یہ میچ مارو یا مرجاؤ کی صورت حال اختیار کر چکا ہے جہاں اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کے خلاف جیت درکار ہے۔

یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کو اپنے آئندہ دونوں میچوں میں بھاری مارجن سے شکست ہوگئی تو وہ ایونٹ سے باہر ہوسکتی ہے۔

بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ خراب رن اوسط کی وجہ سے نیوزی لینڈ کا اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

اگر بھارتی ٹیم بھاری مارجن سے شکست کھاجائے اور پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کو بھاری مارجن کے ساتھ شکست دے تو اس صورت میں ویرات کوہلی اینڈ کمپنی کا ورلڈکپ کا سفر اختتام پذیر ہوجائے گا اور پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔

مذکورہ صورت حال اسی وقت درست ثابت ہوسکتی ہے جب انگلینڈ کی ٹیم اپنے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو چھوٹے مارجن سے شکست دے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …