ورلڈکپ: کیویز گر کر سنبھل گئے، پاکستان کو جیت کیلئے 238 رنز کا ہدف، میچ کا مکمل احوال پڑھیے

برمنگھم (سپورٹس ڈیسک ) برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔

میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل محمد عامر کا شکار بن گئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے۔

نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 24 تک پہنچا تو کولن منرو بھی 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلپ پر کھڑے حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور مزید دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، روس ٹیلر 3 اور ٹام لیتھم ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا—
صرف 83 کے مجموعی اسکور پر 5 وکٹیں گنوانے کے بعد نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جیمز نیشم اور کولن ڈی گرینڈہوم کے درمیان چھٹی وکٹ پر 132 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔ دونوں نے ٹیم کا اسکور 215 رنز تک پہنچاکر بیٹنگ لائن کی لاج رکھی۔

اس موقع پر کولن ڈی گرینڈ ہوم 64 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ یوں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔ نیشم 97 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض ایک بار پھر مہنگے ثابت ہوئے، انہوں نے 10 اوورز میں 55 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ محمد عامر اس میچ میں سب سے زیادہ 67 رنز دینے والے بولر تھے۔

شاہین شاہ آفریدی اپنی شاندار بولنگ کی بدولت مینز کرکٹ ورلڈکپ میں بہترین بولنگ کرنے والے تیسرے ٹین ایجر بن گئے ہیں۔

میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گیارہ رکنی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، کپتان سرفراز، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔

ورلڈکپ کپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں اب تک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز جیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …