پاکستان کا جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

لندن : پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پاکستان ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف ٹورنامنٹ میں بقاء کی جنگ لڑے گی جہاں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا کے خلاف انتہائی اہم میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 6 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پروٹیز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے پروٹیز سے فتح حاصل کرنا ضروری ہے جس کے بعد بھی اگر مگر کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پاکستان مداحوں کی جانب سے طعنوں اور جملے بازی کا سامنا ہے، یہاں تک کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بھی مقامی شاپنگ مال میں نوجوان نے بدتمیزی کی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …