پاکستان بھارت کو کس طرح شکست دے سکتا ہے؟ سابق بھارتی اسپنر نے طریقہ بتا دیا

مانچسٹر: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے بڑا مقابلہ نہ کوئی ہوا ہے اور نہ کوئی ہو گا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ پریشر کا میچ ہوتا ہے، ان کے زمانے میں بھی دونوں ٹیموں میں تگڑا مقابلہ ہوتا تھا لیکن اب پاکستان ٹیم پہلے جیسی نہیں اور اس میں زیادہ تر پلیئرز کم تجربہ کار اور نوجوان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا مزہ ہی پاک بھارت میچ میں ہے اور اگر بارش کی وجہ سے یہ میچ متاثر ہوا تو سب کا مزہ خراب ہو جائے گا۔

ہر بھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو انڈیا سے میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ہربھجن سنگھ نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ بابر اعظم ایک بہترین بلے باز ہیں اور ان کو کھیلتا دیکھ میں بہت انجوائے کرتا ہوں۔

دائیں ہاتھ کے اسپنر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اوپنر بھی اچھے ہیں لیکن جیت کیلئے اہم کردار محمد عامر اور دیگر فاسٹ بولرز کو ادا کرنا ہو گا، اگر پاکستان ٹیم انڈیا کے خلاف ابتدائی 10 سے 15 اوورز میں تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تو پھر بھارتی ٹیم کو کم اسکور پر روک سکتی ہے اور ایسے میں پاکستان کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں فیورٹ انگلینڈ کو ہرایا اس لئے انڈین ٹیم پاکستان کو آسان لینے کی غلطی کبھی نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں 0-6 کی برتری سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جو ماضی میں تھا اس سے آج کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنا ریکارڈ بہتر کر لے، اس کے ساتھ پاکستان کے پاس ورلڈ کپ میں رہنے کا بھی موقع ہے کیوں کہ اس میچ میں ہار کی صورت میں پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ بڑھ جائے گا جو دنیاے کرکٹ کیلئے کافی افسوس کی بات ہو گی۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کے سب سے بڑے میچ میں کل پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں مانچسٹر میں مدمقابل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …