یوراج سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

عظیم بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے پیر کو ممبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے انتہائی مشکل اور ساتھ ساتھ خوبصورت لمحہ ہے، تقریباً 17سال کی انٹرنیشنل کرکٹ کے بعد میں نے زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یوراج سنگھ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 40 ٹیسٹ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔

ان کے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ 2011 کا ورلڈ کپ تھا جب انہوں نے ایونٹ میں 362 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 15وکٹیں لے کر بھارت کو چیمپیئن بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے کھلاڑی تھے جس نے مختلف ٹیموں کے حامل کسی عالمی ایونٹ کے درمیان 300رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 15وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یوراج نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ بھارت کے لیے 400 سے زائد میچز کھیلے، میں اس کھیل سے محبت کرتا ہوں اور یہ محبت میری زندگی کے اختتام تک برقرار رہے گی، میں ان احساسات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔

یوراج کی زندگی ایک تلخ لمحہ اس وقت جب ان میں کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی اور اس کے علاج کے لیے وہ کافی عرصے تک کھیلوں کے میدانوں سے دور رہے لیکن مایہ آل راؤنڈر نے اس موذی کرض کو شکست دے کر کامیابی کے ساتھ کھیلوں کی دنیا میں واپسی کی۔

انہوں نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 2000 میں کیا لیکن شہ سرخیوں کی زینت اس وقت بنے جب 2007 کے پہلے ورلڈ ٹی20 میں انہوں نے انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کو ایک اوور میں 6 چھکے لگائے اور اسی ایونٹ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 70رنز کی جارحانہ اننگز بھی کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …