مشن ورلڈکپ،پاکستان کا آسٹریلیا اور بارش سے نمٹنے کیلئے’’پلان بی‘‘ تیار

ٹائونٹن (میڈیا92نیوز آن لائن) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دفاعی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل سمرسیٹ کائونٹی کے شہر ٹائونٹن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے پاکستانی ٹیم کا چوتھا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اتوار کی دوپہر اچانک شروع ہونے والی بارش کے باعث پاکستانی ٹیم کا پریکٹس سیشن انڈور نیٹس میں شفٹ کردیا گیا۔ تاہم پاکستانی ٹیم کے لئے سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ بدھ کو میچ والے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دو دن سے سورج کم نکلا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی دو بڑی ٹیموں کے اہم ترین میچ کے لئے چھوٹے سینٹر کا انتخاب حیران کن ہے۔ گرائونڈ میں میڈیا کے لئے

سہولتیں ناکافی ہیں ۔ توقع ہے کہ اگر پورا میچ ہوا تو پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ تاہم اگر اوورز کم ہوئے تو ٹیم انتظامیہ کا پلان بی تیار ہے۔ پاکستانی ٹیم حریف کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ موسم پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی کھلاڑی پرعزم ہیں کہ وہ آسٹریلیا کے میچ میں جیت کا تسلسل قائم رکھیں گے۔ ہوم گرائونڈ پر سیریز پانچ صفر سے ہارنے کے باوجود پاکستانی ٹیم اس بار بازی پلٹنے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگائے گی۔ پاکستانی ٹیم کا برسٹل میں سری لنکا کے خلاف میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ہفتے کی شب ٹائونٹن پہنچی۔ رات کو اظہر علی نے

پاکستانی کرکٹرز کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا ہوا تھا۔ اظہر علی سمرسیٹ کائونٹی سے کھیلتے ہیں اور اتوار کو کینٹ کے خلاف میچ کھیلنے کینٹربری چلے گئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی تیاریوں پر نظر رکھے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ٹائونٹن پہنچ گئے ہیں۔ انضمام الحق نے کھلاڑیوں کی پریکٹس دیکھی اور ٹیم انتظامیہ سے مشورے کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بارش سے میچ کے اوورز کم ہوتے ہیں تو امکان ہے کہ فخر کے ساتھ بابر اعظم اننگز اوپن کریں گے جبکہ ایک اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو کھلایا جاسکتا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پیر کو لندن

سے ٹائونٹن پہنچے گی اور منگل کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم سمرسیٹ کائونٹی کے لئے کھیلیں گے۔ ماضی میں اس کائونٹی کے لئے یاور سعید، خان محمد، مشتاق احمد، سہیل تنویر بھی کھیل چکے ہیں۔ ای ین بوتھم ، ویون رچرڈز اور جوئیل گارنر کی کائونٹی سمرسیٹ کے لئے دنیا کے بہترین کھلاڑی کھیل چکے ہیں۔ ٹائونٹن میں ایشین لوگوں کی تعداد کم ہے61ہزار آبادی والے شہر میں زیادہ تر مقامی رہتے ہیں۔ کائؤنٹی گراؤنڈ 1882میں بنا،137 سال پرانے وینیو پر ساڑھے12 ہزارشائقین کی گنجائش ہے، ورلڈکپ 2019 کے یہاں 3 میچز شیڈول ہیں، اب تک یہاں 3 ون ڈے انٹرنیشنل ہو چکے ہیں۔ پہلا میچ ورلڈکپ 1983 میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ 1999 کے میگا ایونٹ

میں بھی اس وینیو پر 2 مقابلوں کا انعقاد ہوا، یہاں ڈیوڈ گاور، سارو گنگولی اور راہول ڈریوڈ سنچریاں بنا چکے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹاؤنٹن میں پہلی بار ون ڈے میچز کھیلیں گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ڈے میچ کا ٹاس 10بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ہونا ہے، مقامی وقت کے مطابق شام 4اور رات 8بجے بھی رم جھم کا امکان ہے، یوں کم از کم 2بار میچ کے دوران بارش کا خدشہ ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین مجموعی طور پر ابھی تک 103ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے گرین شرٹس صرف 32میں کامیابی حاصل کی 67میں مات کھائی، ایک مقابلہ ٹائی ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …