پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا کام جاری

کراچی(میڈیا 92 نیوز لائن) مشن ورلڈکپ کیلیے پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا کام گزشتہ روز بھی جاری رہا جب کہ ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں پریکٹس سیشن میں سرفراز احمد کے سوا تمام کھلاڑی شریک ہوئے۔ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ جمعے کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا، اس سے قبل نیٹ سیشنز کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روزدیگر کپتانوں کے ہمراہ ملکہ برطانیہ سے ملاقات کیلیے لندن جانے والے سرفراز احمد پریکٹس میں حصہ نہیں لے سکے، دیگر کھلاڑیوں نے ٹرینٹ برج میں بھرپور سیشن کیا۔

آغاز میں کوچ مکی آرتھر نے لیکچر دیا، انھوں نے ٹیم کو میدان میں جان لڑانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ورلڈکپ میں بہترین پرفارم کرنے کے اہل ہیں، اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں، بعد میں کیچنگ پریکٹس کرائی گئی، تمام پلیئرز نے ڈائیو لگا کر گیند کو قابو کرنے کی بھی مشق کی،ڈائریکٹ تھرو سے رن آؤٹ کرنے کی بھی پریکٹس ہوتی رہیں،2 نیٹس پر بیک وقت بیٹسمینوں اور بولرز نے صلاحیتیں نکھارنے پر کام کیا۔

اس دوران دفاعی اور جارحانہ دونوں طرز کے شاٹس کھیلے گئے، پیسرز محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی پر کوچز کی خصوصی نظریں رہیں، محمد حسین بھی مکمل رفتار سے بولنگ کرتے رہے، ویسٹ انڈیز سے جمعے کو شیڈول پہلے میچ کیلیے ٹیم کمبی نیشن پر کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق میں ابتدائی مشاورت ہو چکی، حتمی فیصلہ جمعرات کو کیا جائے گا۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی کی69 ویں سالگرہ گذشتہ روز ناٹنگھم میں منائی گئی، پریکٹس سیشن سے قبل ٹرینٹ برج کے ڈریسنگ روم میں کیک کاٹا گیا، اوپنر فخر زمان نے طلعت علی کو کیک کھلایا، تمام کھلاڑیوں نے اس موقع پر ’’ہیپی برتھ ڈے ٹو یو‘‘ گا کر منیجر کو مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ طلعت علی10 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …