پاکستانی مینجمنٹ دوسرے ون ڈے میں ٹیم سے بہتر کارکردگی کی خواہاں

لاہور:(میڈیا92نیوزآن لائن) لڑکھڑاتی ٹاپ آرڈربیٹنگ پاکستان کی تشویش بڑھانے لگی تاہم مینجمنٹ ساؤتھمپٹن میں ٹیم سے بہتر کارکردگی کی خواہاں ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اوول، لندن میں کھیلا گیا ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوا، مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن میں روایتی عدم استحکام کو دیکھتے ہوئے میزبان کپتان نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست بھی ثابت ہوا، گرین شرٹس نے ابتدا میں ہی 2 اہم بیٹسمینوں کی وکٹیں گنوا دیں۔جارح مزاج اوپنر فخرزمان اور ٹیم کے سب سے کامیاب بیٹسمین بابر اعظم ترنوالہ ثابت ہوئے، بعد ازاں رم جھم کے دوران وقفوں میں امام الحق اور حارث سہیل نے ٹوٹل19اوورز میں 80تک پہنچایا تھا کہ ایک بار پھر موسم کی مداخلت پر کھیل ختم کرنا پڑا، ہفتے کو ساؤتھمپٹن میں ہونے والے دوسرے میچ میں بہتر آغاز اور اچھے رن ریٹ کیلیے ایک بار پھر فخرزمان پاکستان کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔

امام الحق سے ایک اینڈ سنبھالے رکھنے کی توقعات وابستہ ہیں،بڑے اسکور کیلیے بابر اعظم کا کردار ہمیشہ اہم ہوتا ہے،حارث سہیل کی ثابت قدمی آنے والے بیٹسمینوں پر دباؤکم کرنے کا ذریعہ بنے گی،کپتان سرفراز احمد کو رن ریٹ بہتر رکھنے کی ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔نجی مسائل کی وجہ سے رخصت پر جانے والے شعیب ملک نے اگرچہ اسکواڈ کو جوائن کرلیا لیکن پلیئنگ الیون میں شمولیت کا فیصلہ پچ دیکھنے کے بعد ہوگا،یہ فیصلہ بھی باقی ہے کہ اگر آل راؤنڈر کو ٹیم میں لیا گیا تو کس کو جگہ خالی کرنا پڑے گی۔مینجمنٹ آصف علی کو انگلینڈ کیخلاف میچز کھلا کر پاورہٹنگ میں صلاحیتیں آزمانا چاہتی ہے، اس لیے انھیں باہر بٹھانے کا جواز نہیں بنتا، عماد وسیم نے انگلینڈ میں اب تک اچھا پرفارم کیا ہے،ان کی آل راؤنڈ کارکردگی ٹیم کیلیے اہمیت کی حامل ہوگی،بے نتیجہ میچ میں پاکستان ورلڈکپ میں شرکت کے امیدوار محمد عامر کی صلاحیتیں بھی نہیں جانچ پایا،اب پھر پیسر کیلیے ایک اچھا موقع ہوگا، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو پیس بیٹری میں شامل رکھے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کی جانب سے پلیئنگ الیون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کیے جانے کا امکان ہے،ورلڈکپ سے قبل آزمائشی دور سے گزرنے والے جوفرا آرچر نے بارش سے متاثرہ میچ میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4اوورز میں صرف 6رنز دے کر ان فارم بیٹسمین فخرزمان کا شکار کیا تھا،نوجوان پیسر ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہوں گے،جونی بیئراسٹو نے 2سال قبل ساؤتھمپٹن میں اپنا آخری میچ کھیلتے ہوئے 114گیندوں پر ناقابل شکست 141رنز بنائے تھے جو ان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے۔اس میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف288رنز کا ہدف 12اوورز قبل ہی حاصل کرلیا تھا،کپتان ایون مورگن بھی بھرپور فارم میں ہیں، جوئے روٹ اور جارح مزاج جوز بٹلر بیٹنگ میں استحکام کی علامت ہوں گے، کرس ووئیکس اور لیام پلنکٹ پیس اور عادل رشید اسپن بولنگ کی بدولت ہوم کنڈیشنز میں بیٹسمینوں کیلیے پریشانی کا باعث بنیں گے۔ دوسرے ون ڈے کے دوران بادلوں کا آنا جانا لگا رہے گا لیکن تھوڑی بہت رم جھم سے کھیل متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔گزشتہ روز پاکستانی کرکٹرز نے بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پرکام کیا،ٹاپ آرڈر نے تیز اور باؤنسی گیندوں کا سامنا کیا تو بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور بڑے انہماک سے کارکردگی کا جائزہ لیتے اور غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے،پیسرز نے بھی کنڈیشنز کے بہتر استعمال کیلیے تیاریاں مکمل کرلیں، میچ فٹنس حاصل کرنے کیلیے کوشاں محمد حفیظ اور شعیب ملک نیٹ میں بیٹ سے گرد جھاڑنے کیلیے کوشاں نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …