ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ، وزیراعظم برہم

اسلام آباد، لاہور (میڈیا92نیوزآن لائن) وزیراعظم عمران خان نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے معاملے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے جب ہم عوام کو بنیادی ضروریات دینے کے قابل نہیں تو یہ فیصلہ نامناسب ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا اراکین اسمبلی، وزرا ،وزیراعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا فیصلہ سخت مایوس کن ہے ۔ پاکستان خوشحال ہوجائے تو شاید یہ قابل فہم ہو مگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی وسائل دستیاب نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے گورنرپنجاب کو ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بل پر دستخط کرنے سے روک دیا،وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب کو بل دوبارہ ایوان میں لانے کی ہدایت کردی،وزیراعظم کی طرف سے وزیر اعلی کو تاحیات مراعات کے فیصلے پر نظرثانی کی ہدایت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے وزیراعلی کو پوری زندگی کیلئے گھردینے کا فیصلہ مناسب نہیں،ذرائع کے مطابق مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ تین ماہ کرنے کی تجویزدی گئی ہے دریں اثنا ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی مراعات کو ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے والے بل سے نکالنے کا فیصلہ کرلیاگیا، مراعات کو قانونی طریقے سے نئی ترمیم کے ذریعے نکالا جائیگا،حکومتی سطح پر وزیراعلی کی مراعات کلاز بل سے نکالنے پر اتفاق ہوگیا ۔ تحریک انصاف کی اعلی قیادت نے روزنامہ 92نیوز کو وزیر اعظم نے وزیر اعلی پنجاب کو ہدایت کر دی کہ وہ اسمبلی میں ممبران کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے عوامی نمائندگان قانون ترمیمی بل 2019 کی منظوری کی منظوری سے گریز کریں۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، اے پی پی، صباح نیوز، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے آج پاکستان بہت محفوظ اور امن کے راستے پر چل نکلا ہے ، بھارت میں الیکشن تک مسائل رہیں گے ، اگر نفرت پھیلا کر الیکشن لڑا جائے تو پھر وہی ہوتا ہے جو مقبوضہ کشمیر میں ہوا ۔ وزیر اعظم آفس میں پاکستان کے آن لائن ویزا سسٹم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا پاکستان اس قدر محفوظ ملک بن چکا ہے کہ اگلا پورا پی ایس ایل یہیں ہو گا ، بھارت کے الیکشن تک تھوڑا بہت مسئلہ ہے توقع ہے الیکشن کے بعد معاملات ٹھیک ہو جائیں گے اوربھارت سمیت تما م پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمارے خوشگوار تعلقات قائم ہو ں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا آن لائن ویزا سسٹم کا آغاز ایک بہت بڑا اقدام ہے ، ملک کو غیر ملکیوں کے لیے کھولنا نئے پاکستان کی جانب پہلا قدم ہے ۔ یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے ۔ ملک میں سرمایہ کاری تب آئے گی جب کسی کا پیسہ بنے گا ۔ 70 کی دہائی میں یہاں پیسہ بنانے کو گناہ سمجھا جانے لگا ،اس مائنڈ سیٹ نے پاکستان کو بڑا نقصان پہنچایا ، اب ہم پاکستان کو کھول رہے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان آ کر پیسہ بنائیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہمارے شمالی علاقہ جات میں سوئٹزر لینڈ سے بھی دگنی سیاحت ہے اور ابھی بھی بہت سے سیاحتی مقامات ایسے ہیں جن کو تلاش نہیں کیا جا سکا ، حکومت نے ماحولیاتی سیاحت کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا ہے جو ماحول دوست ہو گی ،جبکہ مذہبی سیاحت کی یہاں اس سے بھی زیادہ صلاحیت ہے جس میں بدھ ازم ، سکھ ازم اور صوفی ازم شامل ہے ۔ حکومت نے مذہبی سیاحت کو مارکیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تمام تاریخی مقامات کو نقشے پر لانے اور ان کی ویب سائٹس بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی سے متعلق امور اور مسائل کے درمیانی اور طویل مدتی حل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، چئیرمین ٹاسک فورس برائے توانائی اور توانائی کے شعبہ سے منسلک ماہرین نے شرکت کی۔ دریں اثنا چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل مجاہدانورخان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور اور آپریشنل تیاریوں پر بات چیت ہوئی۔عمران خان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے اور کہا پوری قوم کو اپنی بہادر فورسز پر فخر ہے ۔ مزید برآں وزیر اعظم سے ممتاز عالم شیخ محمد الجیلانی اور ڈاکٹر عمر فاروق عبداﷲ نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو کی گئی اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے سلسلے میں بنائی جانے والے اسلامک یونیورسٹی کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے عمران خان آج باجوڑ ایجنسی کا دورہ اور قبائلی عوام سے خطاب کریں گے ۔ افتخار درانی نے قبائلی عوام سے اپیل کی وہ جمعہ کو کرکٹ گرائونڈ باجوڑ پہنچیں اور عمران خان کا خطاب خود سنیں ۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …