لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بکرمنڈی میں بڑی کاروائی، بیمار جانوروں کا گوشت برآمد

لاہور(میڈیا92نیوزآن لائن رپورٹ عمر خالد سے) لاہور شہر کو بیمار جانوروں کا ناقص اور مضر صحت گوشت کھلانے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کی بکرمنڈی میں کارروائیاں کرتے ہوئے بیمار جانوروں کا 4 ہزار 3 سو کلوگوشت برآمد کر لیا جبکہ 8 ہزار کلو باقیات تلف کر دی گئیں۔اولڈ سلاٹر ہاؤس ایریا میں غیر قانونی تین مذبحہ سیل کردیے گئے، مضر صحت گوشت فروخت کرنے کے مرتکب ملزمان فرار ہو گئے۔یہ کارروائیاں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں کی گئیں جبکہ بیمار جانوروں کی باقیات پیمکو سینٹر میں تلف کی گئی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بکر منڈی اولڈ سلاٹر ہاؤس ایریا میں 3 غیر قانونی مذبحہ، میٹ چلر اور فیٹ رینڈرنگ یونٹ سیل کیے گئے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹیکیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق سیل کیے گئے سلاٹر ہاؤس پہلے بھی سیل کیے جا چکے ہیں، جنہیں غیر قانونی طور پر دوبارہ کھول کر کام کیا جا رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی مذبحہ میں بیمار جانوروں کا گوشت تیار کر کے اس پر جعلی مہریں لگائی جاتی تھیں،غیر قانونی مذبحہ سے جعلی مہریں بھی برآمد کی گئی ہیں، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ شہریوں تک صحت بخش گوشت کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، بیمار جانوروں کے ناقص گوشت سے متعدد موذی بیماریاں پھیلتی ہیں، ویجیلنس ٹیمیں گلی محلوں میں چھپے ذبح خانوں کا سراغ بھی لگا رہی ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ کہیں بھی مضر صحت گوشت دیکھیں تو بذریعہ ٹیلی فون ہیلپ لائن پر، موبائل اپلیکیشن کے ذریعے یا ویب سائٹ پر اطلاع دیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …