زرداری اور فریال کی 75 جائیدادوں کا سکیننگ ریکارڈ طلب

اسلام آباد (میڈیا92نیوزآن لائن) جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے 75 جائیدادوں سے متعلق مائیکرو فلمنگ ریکارڈ طلب کر لیا ہے جبکہ نیب نے سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن آفتاب میمن کو گرفتار کر لیا ہے۔ جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی جائیدادوں کا سکیننگ ریکارڈ انسپکٹر جنرل مائیکرو فلمنگ بورڈ آف ریونیو سندھ سے طلب کرتے ہوئے انہیں ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ خط میں انسپکٹر جنرل مائیکرو فلمنگ بورڈ آف ریونیو کو 75 کھاتوں کے سکیننگ ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ دستاویزات کے مطابق تمام کھاتے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے نام پر ہیں۔ زمینوں اور جائیداد کے سکیننگ ریکارڈ انٹری کا تعلق ٹنڈو الہ یار‘ بدین‘ حیدر آباد‘ لاڑکانہ‘ بے نظیر آباد اور کراچی جنوبی سے ہے۔ یاد رہے کہ منی لانڈرنگ کیس 2015ء میں پہلی دفعہ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس وقت اٹھایا گیا جب مرکزی بینک کی جانب سے ایف آئی اے کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ یعنی ایس ٹی آرز بھیجی گئیں۔ ایف آئی اے حکام کے دعوے کے مطابق بینک مینجرز نے انتظامیہ اور انتظامیہ نے اومنی گروپ کے کہنے پر جعلی اکاؤنٹس کھولے۔ یہ تمام اکاؤنٹس 2013ء سے 2015ء کے دوران 6 سے 10 مہینوں کے لئے کھولے گئے جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق منی لانڈرنگ کی رقم 35 ارب روپے ہے۔ نیب راولپنڈی کے مطابق آفتاب میمن کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا ہے۔ آفتاب میمن نے سرکاری پلاٹ غیرقانونی طور پر الاٹ کرنے میں کردار ادا کیا۔ دوسری جانب نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آفتاب میمن پر سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کو غیرقانونی طور پر زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ آفتاب میمن اہم سیاسی شخصیت اور ایک سیاسی جماعت کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ نیب راولپنڈی نے کہا ملزم نے خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزم نے 700 ایکڑ زمین غیرقانونی الاٹ کی تھی۔ آفتاب میمن سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ احتساب عدالت نے آفتاب میمن کو 13 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …