او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت کو دیا گیا دعوت نامہ واپس لیا جائے، صادق سنجرانی

بھارت نے ہزاروں معصوم کشمیری مسلمانوں ، بزرگوں ، خواتین اور بچوں کو قتل کیا پیلٹ گن سے لوگوں کو معذور کردیا ، ایل او سی پر بھی جارحیت جاری ہے ، چیئرمین سینٹ کا او آئی سی ممبر ممالک ، پارلیمانی سربراہان ، سپیکرز ، پریذاڈنگ آفیسرز کو خط
اسلام آباد (میڈیا92نیوز آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے او آئی سی کے ممبر ممالک کے پارلیمانوں کے سربراہان،سپیکرز اور پریذائڈنگ آفسیرز کو بھارتی جارحیت کے خلاف خط تحریر کر دیئے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے خط میں تحریر کیا ہے کہ ہزاروں معصوم کشمیری مسلمان بزرگوں، خواتین اور بچوں کو قتل کیاگیا ہے اور بے شمار لوگوں کو پیلٹ گن سے معذور کیا گیا ہے۔ انہوں نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت کو دیا گیا دعوت نامہ واپس لیا جائے ۔ بھارت کو دیئے گئے دعوت نامے سے پاکستانی عوام اور پارلیمان کے منتخب نمائندوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ خط میں تحریر کیا گیا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں پر ہونے والے مظالم پر ہمیشہ تاریخی موقف اختیار کیا ہے۔ دنیا کے کسی بھی خطے میں مسلمان تکلیف میں ہوں تو جغرافیائی حدود سے قطع نظر دیگر تمام مسلمان اس تکلیف کو محسوس کرتے ہیں۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ہم نظر انداز نہیں کرسکتے ہیں۔ صادق سنجرانی نے خط میں لکھا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں 70 برسوں سے ریاستی دہشت گردی، ظلم اور تشدد کا نشانہ بننے والے کشمیریوں پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …