اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اورترک وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون، مکمل تعاون کی یقین دہانی

بھارتی فضائیہ کی دراندازی مودی سرکار کی سیاسی ضرورت اور سیاسی کارروائی ہے‘وزیر خارجہ
اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بذریعہ ٹیلی فونک رابطہ کرکے بھارتی جارحیت کے معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔بدھ کے روز شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انہیں فون کیا جس کے دوران انہوں نے سیکرٹری جنرل کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنے پہلے اور دوسرے خط کا ذکر کیا۔شاہ محمود قریشی کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر سیکرٹری جنرل کی توجہ دلائی اور کہا کہ اقوام متحدہ کو موجودہ صورتحال میں کردار ادا کرنا چاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل نے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور انہوں نے کہا کہ جو کردار ادا کرسکتا ہوں وہ کروں گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترک ہم منصب میولود چاوش اولو نے انہیں فون کیا اور موجودہ صورتحال سے آگہی حاصل کی۔شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی فضائیہ کی دراندازی مودی سرکار کی سیاسی ضرورت اور سیاسی کارروائی ہے اور مودی سرکار اپنی سیاسی شکست کو مٹانے کے لیے بھارتی قوم اور اپوزیشن کو بیوقوف بنا رہی ہے اور پورے خطے کے امن سے کھیل رہی ہے۔وزیر خارجہ کے مطابق ‘ترکی نے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور ترکی سمجھتا ہے کہ او آئی سی میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے آنے کا جواز نہیں رہا’۔شاہ محمود قریشی کے مطابق میولود چاوش اولو نے کہا کہ بھارت نے او آئی سی کے بانی رکن پر حملہ کیا ہے، سشما سوراج کو او آئی سی میں بلانے اور خطاب کا موقع دینے کی ترکی کھل کر مخالفت کرے گا۔شاہ محمود قریشی کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترک بھائی بہنوں کی دعائیں اور تعاون پاکستان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر حملہ آور ہوا ہے جو عالمی سطح پر بہت بڑا واقعہ ہے، کنٹرول لائن اور پاکستانی حدود میں بھارت نے دراندازی کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی طیاروں نے 4 بم برسائے، اللہ کا شکر ہے جانی نقصان نہیں ہوا، بھارت نے دعوی کیا تھا کہ وہاں دہشتگردوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا اور دہشت گردوں کو لقمہ اجل بنا دیا ،تاہم بھارتی دعووں کی قلعی کھل گئی جہاں بم گرائے گئے، وہاں کوئی لاش ملی اور نہ زخمی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ائر فورس بروقت حرکت میں نہ آتی تو بڑے نقصان کا خدشہ تھا، بالاکوٹ میں معمول کی زندگی رہی اور ضمنی انتخاب میں لوگوں نے ووٹ ڈالے.

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …