بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کھلی جارحیت ہے،پاکستان جواب دینے کا حق رکھتا ہے،صدر آزاد کشمیر

پاکستانی اور کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں کا مقصد وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے،بیان
جدہ(میڈیا92نیوز آن لائن)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک کھلی جارحیت ہے،جس کا پاکستان بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے اور اسے ایک کھلی جارحیت تسلیم کیا جائے۔پاکستان کی مسلح افواج اپنی سرزمین کے تحفظ اوراس جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا مکمل حق رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بروقت کارروائی قابل تحسین ہے،جنہوں نے بھارت کی اس ناپاک کوشش کو ناکام بنایا۔صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔(ولی)

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …