بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی، پاکستان جواب دینے کا حق رکھتا ہے،وزیر خا رجہ

بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ ہمیں مت للکارو ورنہ تمہیں منہ کی کھانی پڑے گی،قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ملک کے محافظ کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر گھڑی تیار ہیں، شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو
اقوام متحدہ کو بھارتی فضائیہ کی دراندازی کی کوششوں کاسخت نوٹس لینا چاہیے: گورنر پنجاب
اسلام آباد (میڈیا92نیوز آن لائن)وزیر خا رجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جارحیت کی اور پاکستان جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ وزارت خارجہ میں اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔واضح رہے کہ بھارتی ایئرفورس کے طیاروں نے لائن آف کنترول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کی تھی، جس پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل عمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی دراندازی کے بعد جاری بیان میں کہا کہ بھارت میں انتخابات کے باعث خطے کا امن تباہ ہو رہا ہے اور وہ مستقل پاکستان کو تنہا کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ شب بھی کہا تھا کہ قوم کو گمراہ نہیں کروں گا، لہٰذا میں واضح کردوں کہ پاکستان پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں اور ملک کو تیار رہنا ہوگا۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ملک کے محافظ کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر گھڑی تیار ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقاصد اور عزائم کو سمجھنا ہوگا کیونکہ ان کی حکمت عملی ہے کہ وہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں، اسی لیے بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ ہمیں مت للکارو ورنہ تمہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے اور وہ پاکستان کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت اور اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے پڑوسی ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور پاکستان کو چیلنج نہ کرے ورنہ اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ادھر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو بھارتی فضائیہ کی دراندازی کی کوششوں کاسخت نوٹس لینا چاہیے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیا، آج ملکی دفاع کے لیے پوری قوم افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے.

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …