ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

کوئٹہ، پشاور، سکھر، راجن پور سمیت متعدد شہروں میں ہلکی موسلا دھار بارش
کوئٹہ، پشاور، سکھر، راجن پور ،کراچی(میڈیا92نیوز آن لائن)ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد درجہ حرارت میں کمی ہو گئی ہے۔ بدھ کے روز بھی کوئٹہ، پشاور، سکھر، راجن پور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی ،جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، ڈویڑن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ جبکہ بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بھی ہلکی اور گرج چمک کےساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے جبکہ مستونگ، پشین، خضدار، قلات، مسلم باغ، زیارت، قلات، مکران، نصیرآباد، ڑوب ڈویڑن سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ضلع چمن بھر میں گزشتہ رات سے موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری رہا، جس کے باعث انسداد پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات مہم موسمی صورتحال میں بہتری تک ملتوی کردی گئی ہے ۔ پنجگور اور گرد و نواح میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 26 فروری سے بلوچستان کے شمال میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نئے سسٹم کے تحت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش پسنی میں 25 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، زیارت میں 8، پنجگور میں 5، دالبندین، قلات، خضدار اور سبی میں 4، 4، کوئٹہ اور گوادر میں 3 ملی میٹر اور بارکھان میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پشاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد سردی بڑھ گئی جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح بنوں میں 12، چراٹ میں 9، اپر دیر اور کاکول میں 7،7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مالم جبہ اور لوئر دیر میں 5،5، چترال اور پٹن میں 4،4 ملی میٹر، پارا چنار، سیدو شریف اور بالاکوٹ میں 3، 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سکھر اور گرد و نواح میں رات سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی ،جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہر میں بارش کے باعث سیپکو کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔پرانا سکھر، جناح چوک، نیوپنڈ، مینارہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، جبکہ ذرائع سیپکو کا کہنا ہے کہ بارش رکنے پر فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کیا جائےگا۔جیکب آباد، کندھ کوٹ اور کشمور و گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پنجاب کے شہر راجن پور اور گرد و نواح میں بھی بارش ہوئی ،جس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے، سرگودھا اور اوچ شریف و گرد و نواح میں بھی گہرے کالے بادل خوب جم کر برسے۔(صداقت چوہدری)

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …