اسلام آباد،جدہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرہ شہری کی درخواست پر گیلانی کارپوریشن اور سی ڈی اے جواب طلب،سماعت 27 مئی تک ملتوی

اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن )اسلام آباد ہائی کورٹ نے جدہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کےمتاثرہ شہری کی درخواست پر گیلانی کارپوریشن اور سی ڈی اے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری حمید عباسی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل مدثر عباسی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ جی ٹی روڈ پر گیلانی کارپوریشن نے جدہ ٹاؤن نامی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جس میں بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں نے پلاٹوں کے حصول کی درخواستیں دیں۔ سوسائٹی نے کاغذی کارروائی کر کے دیار غیر میں مقیم پاکستانی محنت کشوں سے رقوم وصول کر لیں ،موقع پر جگہ کم اور رجسٹریاں زیادہ ہو گئیں ، جو زمین تھی اس میں سے بھی بیشتر زمین پر مقامی افراد نے قبضہ کر رکھا ہے۔ بعد ازاں متاثرین کی درخواست پر نیب نے بھی نوٹس لیا۔ درخواست گزار حمید عباسی نے 2010ء میں سپریم کورٹ میں از خو دنوٹس کے لئے درخواست دی جس پر نیب اور سی ڈی اے نے اپنے جوابات داخل کرائے۔ سیڈی اے کے جواب میں کہا گیا تھا کہ وہ خود پلاٹ بنا کر متاثرین کو الاٹ کریں گے جس پر عدالت عظمیٰ نے درخواست نمٹا دی مگر ابھی تک متاثرین کو آج تک کچھ نہیںملا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے کا کیس ہے۔ اپنے پیاروں سے دور رہ کر روشن مستقبل کی آس میں سوسائٹی میں پلاٹ لینے والے آج در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین سے جواب طلبی کر کے درخواست گزار کو اس کا حق دلایا جائے۔ مدثر عباسی ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …