بنی گالا میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق کیس کی سماعت: سپریم کورٹ کا اظہار برہمی

اسلام آباد(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) بنی گالا میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی جس کے دوران منصوبےکی منظوری نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا ہے۔جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ چاہتے ہیں کہ منصوبہ جلد شروع ہو، معاملہ کمیٹی میں رہا تو کچھ بھی نہیں ہو گا، کیا پراجیکٹ کے پی سی ون کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا؟سی ڈی اے کے وکیل نے جواب دیا کہ جی ٹیکنیکل ماہرین اس کو دیکھیں گے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ منصوبہ کتنی لاگت میں مکمل ہو گا؟وکیل سی ڈی اے نے جواب دیا کہ منظوری کے بعد منصوبہ تین ارب روپے میں مکمل ہو گا۔نمائندہ سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ منصوبہ کی لاگت تین ارب روپے سے کم کی جائے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ان سے سوال کیاکہ کیا بڑے پراجیکٹ کی بجائے اس کو چھوٹے یونٹس میں نہیں بنا سکتے؟نمائندہ سی ڈی اے نے جواب دیا کہ سر یہ منصوبہ تین فیز میں مکمل ہو گا، ایک فیز میں چار یونٹس ہوں گے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے پوچھا کہ یہ پراجیکٹ کب تک منظور ہو گا؟نمائندہ سی ڈی اے نے کہا کہ اس پر مزید ڈسکشن جاری ہے، ای پی سی بورڈ میں گیا تومزید 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اس منصوبے میں ماہرین کی نمائندگی کم ہے، پنجاب کچھ اور کہہ رہا ہے۔نمائندہ سی ڈی اے نے کہا کہ اس منصوبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے،جدید ٹیکنالوجی کے بغیر 5ایکڑ زمین درکار ہو گی جو کہ 15 لاکھ روپے فی مرلہ ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ منصوبہ جلد شروع ہو، معاملہ کمیٹی میں رہا تو کچھ بھی نہیں ہو گا، کیا دو ہفتوں میں اس منصوبے کی منظوری ہوجائے گی؟نمائندہ سی ڈی اے نے جواب دیا کہ جی سر دو ہفتوں میں منظوری لے لیں گے۔عدالت نے منصوبے کی منظوری نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبہ ابھی تک صرف ڈسکشن تک محدود ہے، دو ہفتوں میں منصوبے کی پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے۔سپریم کورٹ نے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری پلاننگ کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا جبکہ کیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …