انگلینڈ سے بدترین شکست پر کوہلی شائقین کو باتوں سے بہلانے لگے

لندن(میڈیا 92نیوز) شرمناک شکست کے بعد کوہلی مشتعل شائقین کو باتوں سے بہلانے لگے انھوں نے شائقین سے کہا ہے کہ کبھی ہم جیت جاتے ہیں اور کبھی ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے آپ کبھی ہم سے ناامید نہ ہوں ہم بھی آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جس پر شائقین کی جانب سے شدید برہمی ظاہر کی جارہی اور اب تو انھوں نے خود بھی اپنی ٹیم کو گھر کے شیر قرار دینا شروع کردیا ہے۔شائقین انتہائی مشتعل ہیں، ان کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلیے کپتان ویرات کوہلی نے انھیں باتوں سے بہلانا شروع کردیا ہے۔ لارڈز میں ایک اننگز اور 159 رنز کی شکست کے بعد ویرات کوہلی نے فیس بک پر شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ہم جیت جاتے ہیں یا پھر ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے، آپ کو کبھی بھی ہم سے ناامید نہیں ہونا چاہیے ہم بھی وعدہ کرتے ہیں کہ آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ ہمیں اچھے اور برے وقت میں ایک دوسرے کی ہمت افزائی کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کو ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، تب صرف کوہلی نے سنچری سمیت دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 200 رنز بنائے تھے جبکہ باقی کھلاڑی بری طرح ناکام ہوئے اور اس بار تو کوہلی بھی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے، اس طرح انگلینڈ نے 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔کوہلی نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم لارڈز میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکی، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ان سے سیکھنا چاہیے، اس کے بعد انھیں سائیڈ پر کرکے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ آئندہ اس قسم کی غلطی پھر ہم سے سرزد نہ ہو، ہمیں اعتماد حاصل کرنا اور کوتاہیوں کو پرہیز کرنا چاہیے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ اگلے میچ میں ہم صرف فتح کی لگن لیے میدان میں اتریں گے اور سیریز میں کم بیک کی پوری کوشش کریں گے۔ تیسرا ٹیسٹ ہفتے سے ٹرینٹ برج میں شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …