پاکستانی ٹیم نے انڈیا کو شکست دینی کی تیاری کر لی

لاہور / بنگلور: پاکستان نے ہاکی چیمپئنزٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارتی ٹیم کوزیرکرنے کا منصوبہ بنالیا.

تربیتی کیمپ کے دوران پنالٹی کارنر لگانے، بھر پور انداز میں دفاع کرنے اور حریف سائیڈ کے گول پوسٹ پر اچانک حملہ کرنے کی خصوصی مشقیں شروع کردی گئی ہیں، بلو شرٹس کے میچز کی وڈیو فوٹیج دیکھ کرحکمت عمل بھی تیار کی جا رہی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے پلیئرزکوذہنی طور پر مضبوط کرنے کیلیے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ٹیم میٹنگز میں باور کرایا جا رہا ہے کہ وہ عالمی سطح کے بہترین کھلاڑی ہیں، اعصابی دباؤ پر قابوپاکردنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، بھارت کیخلاف بھی کسی بھی قسم کا پریشراور خوف اپنے اندر لانے کے بجائے نیچرل کھیل پیش کر کے وہ میچ کا نتیجہ اپنے نام کر سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم بریڈا میں پانچ پریکٹس میچوں کی سیریز مکمل کرچکی، آسٹریا کے خلاف سیریز اپنے نام کرنے کے بعد 18 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان بھی کیا جا چکا،اب پاکستان ہاکی ٹیم کا مکمل طور پر فوکس 23 جون کو چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ پر ہے، ٹیم مینجمنٹ ہر حال میں یہ میچ اپنے نام کرنے یا کم از کم ڈرا کرنا چاہتی ہیں، کوچز کا خیال ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی کی صورت میں گرین شرٹس کے حوصلے خاصے بلند ہوں گے جس کا فائدہ میگا ایونٹ کے آئندہ میچز میں بھی مل سکتا ہے، ناکامی پلیئرز کے حوصلے پست کر دے گی اور جس کا خمیازہ مزید ٹیم کی ناکامیوں کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلیے کھلاڑیوں کو ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے ذہنی طور پر مضبوط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،روزانہ کی بنیاد پر ہونیوالی ٹیم میٹنگز میں پلیئرزکوباورکرایا جا رہا ہے کہ وہ عالمی سطح کے بہترین کھلاڑی ہیں، اعصابی دباؤ پر قابو پا کر بھارت سمیت دنیا کی کسی بھی ٹیم کوشکست دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ کھلاڑیوںکو بھارتی ٹیموں کے میچز بالخصوص کامن ویلتھ مقابلوں کی فوٹیج دکھا کر23 جون کو ہونیوالے میچ کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے،ذرائع کے مطابق مقابلے کے ابتدائی منٹس میں جارحانہ انداز اپنانے کی پلاننگ کی جائیگی، دوسرے او تیسرے کوارٹرز میں میچ کی صورتحال کے مطابق کھیل پیش کیا جائے گا، چوتھے کوارٹر میں ایک بار پھر حریف سائیڈ کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم نے گذشتہ روز بھی بریڈا میں بھر پور ٹریننگ کی۔ ابتدا میں مخصوص ورزشوں کے ذریعے کھلاڑیوں کو وارم اپ کیا گیا، بعد ازاں گول کیپرز اور پنالٹی کارنرز کو غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں الگ الگ ٹریننگ کرائی گئیں۔یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹ کیلیے حتمی 18رکنی اسکواڈ کا اعلان گذشتہ دن کردیا تھا، پی ایچ ایف نے ہالینڈ میں ٹریننگ کیلیے 22رکنی اسکواڈ بھجوایا تھا اور کھلاڑیوں کی فٹنس اور پرفارمنس کا جائزہ لینے کے بعد چار کھلاڑیوں مظہر عباس (گول کیپر) رضوان جونیئر ،رانا سہیل اور دلبر کو ڈراپ کردیا گیا۔

18رکنی حتمی سکواڈ میں ایم رضوان سینئر ( کپتان )، عمران بٹ ،ایم عرفان سینئر ،مبشر علی ،علیم بلال ،عماد شکیل بٹ ، توثیق ارشد ،راشد محمود ،تصور عباس ،ابوبکر ،ایم عرفان جونیئر ، ارسلان قادر ،عمر بھٹہ ،شفقت رسول ،علی شاہ ،افضل یعقوب اور اعجاز احمد شامل ہیں،مینجر حسن سردار، ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمنز،اسسٹنٹ کوچز محمد ثقلین اور ریحان بٹ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ 23جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان ،ارجنٹائن ،آسٹریلیا ،بیلجیئم، ،بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی،چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے مابین 23جون کو کھیلا جائے گا،24جون کو پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی،26جون کو پاکستان کا مقابلہ ہالینڈ کے ساتھ اور 28جون کو ارجنٹائن اور 29جون کو بیلجیئم کیساتھ ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کو تین بارچیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …