بابر اعظم نے لارا،ڈیویلیئرز،پونٹنگ جیسے عظیم پلیئرز کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور(میڈیا 92 نیوز) قومی کرکٹر بابراعظم ورلڈ کپ میں 474رنز کی بدولت 24سال یا اس سے کم عمری میں زیادہ رنز بنانےوالے عظیم پلیئرز کی صف میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے عالمی کپ1996ءمیں 523رنز بنائے تھے جب کہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز نے ورلڈ کپ 2007ءمیں 372رنز ، رکی پونٹنگ نے ورلڈ کپ 1999ءمیں 354رنز اور برائن لارا نے 1992ءکے ورلڈ کپ میں 333رنز سکور کیے تھے ۔
24سالہ بابر اعظم نے ورلڈ کپ کے 8میچز میں 67.71کے اوسط سے 474رنز بنائے اور وہ اب تک ورلڈ کپ کی44سالہ تاریخ میں زیادہ رنز سکور کرنے والے دوسرے انڈر25 کرکٹر بن گئے ہیں ،بابر اعظم نے ون ڈے کیریئر میں ابھی تک 10سنچریاں بنائی ہیں، ان میچز میں سے 8میں پاکستان ٹیم کو فتح حاصل ہوئی۔
بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بھی آگئے ہیں ۔
نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے والے بیٹسمین نے یہ سنگ میل 68 اننگز میں عبور کیا، ہاشم آملہ نے 3000 رنز 57 اننگز میں مکمل کیے تھے۔بابر اعظم 32 سال بعد ورلڈ کپ میچ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین بھی بن گئے، ان سے پہلے یہ اعزاز سلیم ملک نے 1987ءکے ورلڈ کپ میں حاصل کیا تھا۔ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا 27 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑا،قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے 1992 ءکے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے 9 اننگز میں 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 437 رنز بنائے تھے ۔
بابراعظم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا کارنامہ ورلڈکپ 2019 ءکے 43 ویں میچ میں بنگلا دیش کے خلاف انجام دیا۔24 سالہ بابراعظم پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میں 400 سے زائد رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز، مسٹر پاکستان کا اعزاز،B-LEGEND جم کے 25 سالہ احسن سہیل نے اپنے نام کرلیا، دیکھئے رپورٹ

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز ، مسٹر پاکستان کا اعزاز ، B-LEGEND جم …