امریکہ: قتل کا ملزم 40 سال بعد جیل سے رہا ، عدالت نے بے گناہ قرار دیدیا

شہری حکومت نے بے قصور ہونے اور چار دہائیوں تک جیل میں قید رہنے کے عوض اس کے ساتھ بھاری رقم دینے کی ڈیل کرلی، 2 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر ادا کریگی
کریگ گوری کو 1978 میں اپنی 24 سالہ گرل فرینڈ ، اس کے 4 سالہ بچے کو ان کے ہی اپارٹمنٹ میں قتل کرنے کا الزام تھا
کیلیفورنیا(میڈیا92نیوز آن لائن)کیلیفورنیا کے چھوٹے سے شہر سیمی ویلی میں ایک شخص اپنی گرل فرینڈ اور اس کے معصوم بچے کو قتل کرنے کے الزام میں 40 سال تک جیل میں قید رہا، تاہم اب اسے بے گناہ قرار دے کر رہا کردیا گیا ہے۔قتل کے جرم سے آنے ہونے کے بعد اب اس شخص کی عمر 71 برس ہوچکی ہے، تاہم ساتھ ہی شہری حکومت نے بے قصور ہونے اور چار دہائیوں تک جیل میں قید رہنے کے عوض اس کے ساتھ بھاری رقم دینے کی ڈیل کرلی۔ امریکی میڈیا کے مطابق 71 سالہ کریگ گوری نے لگ بھگ دہائیوں تک دوہرے قتل کے الزام میں قید کی سزا کاٹی۔رپورٹ کے مطابق کریگ گوری کو 1978 میں اپنی 24 سالہ گرل فرینڈ اور اس کے 4 سالہ بچے کو ان کے ہی اپارٹمنٹ میں قتل کرنے کا الزام تھا اور انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔اگرچہ کریگ گوری کے جیل میں چلے جانے کے بعد ان کے والدین نے کئی سال تک عدالتوں میں قانونی جنگ بھی لڑی، تاہم وہ قانونی جنگ لڑتے لڑتے چل بسے اور کریگ قید میں ہی رہ گئے۔تقریبا 39 سال تک کریگ جیل میں قید رہے اور حکومت اور تفتیشی ادارے ان کے خلاف قتل کے ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکے۔شہری حکومت نے 2 سال قبل ہی اس کیس کو نمٹانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے اور جائے وقوع اور ملزم کا دوبارہ ڈی این اے کرایا گیا۔ڈی این اے کے نتائج ملزم کے نشانات سے نہ مل سکے اور تفتیشی اداروں اور عدالت نے کریگ گوری کو 2017 میں ہی بے قصور قرار دے دیا تھا۔کریگ گوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہ ملنے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا اور شہری حکومت نے انہیں فوری طور پر 20 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد بھی دی تاکہ وہ نئے سرے سے زندگی شروع کر سکیں۔تاہم اب شہری حکومت اور کریگ گوری کے درمیان 39 سال تک بے گناہ قید کاٹنے کے معاملے پر معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت مقامی حکومت 71 سالہ شخص کو 2 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 ارب روپے سے زائد تک کی رقم فراہم کرے گی۔شہری حکومت نے کریگ گوری کی 39 سال تک قید کی سزا پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پیسے ان کی زندگی کے دنوں کو واپس نہیں لا سکتے اور کوئی بھی رقم ان کی تکالیف کا ازالہ نہیں کرسکتی، تاہم حکومت انہیں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے خطیر رقم ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں

مسجد الحرام میں پانی کے کین اور بیگ لے جانے پر پابندی عائد

مکہ مکرمہ: مسجد الحرام میں پانی کے کین اور بیگ لے جانے پر پابندی عائد کردی …