مقبوضہ کشمیر میں آج شہید محمد افضل گورو کے یوم شہادت کے موقع پر مکمل ہڑتال کی جائیگی

تحریک آزادی ِ جموں کشمیر محمد مقبول بٹ اور شہید فرزند کشمیر محمد افضل گورو کی جدوجہد اور شہادت تاریخ کشمیر کا تابناک باب ہے،حریت قائدین
سرینگر(میڈیا92نیوز آن لائن )مقبوضہ کشمیر میں آج( ہفتہ کو) شہید محمد افضل گورو کے یوم شہادت کے موقع پر مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔ ہڑتال کی اپیل حریت قائدین نے کی تھی ۔ اس موقع پر تمام کاروباری مراکز ، دفاتر اور تعلیم ادارے بند رئیں گے ۔ جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی مفلوج رہے گا ۔ حریت قائدین سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور یسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہیدقائد تحریک آزادی ِ جموں کشمیر محمد مقبول بٹ اور شہید فرزند کشمیر محمد افضل گورو کی جدوجہد اور شہادت تاریخ کشمیر کا تابناک باب ہے۔ بھارت نے ان دونوں کشمیریوں کو نہ صرف یہ کہ تختہ دار پر لٹکاکر شہید کیا بلکہ ان کی اجسد خاکی اور باقیات کو بھی آج تک اپنی قید میں رکھا ہوا ہے۔ان عظیم الشان شہداءکی اور شجاعت و قربانی ملت کشمیر کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ کشمیری اپنے ان شہداءکی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرسکتے۔ دریں اثنا کل ‘ بروز سومواریوم مقبول(رح) پر بھی مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال ہوگی جبکہ اِسی دن دونوں مصلوبین کی اجساد خاکی اورباقیات کی واپسی کے حوالے سے سرینگر کے مرکز لال چوک میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں شہداءکی باقیات کی وطن واپسی اور شایان شان طریقے پر ان کی تجہیز و تکفین کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک یادداشت بھی روانہ کی جائے گی۔ مشترکہ قائدین نے شہید قائد تحریک آزادی جموں کشمیر محمد مقبول(رح) بٹ کی جدوجہد، قربانی،شہادت و شجاعت کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی پامردی اس قوم کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ (رح نے اس وقت اپنی جدوجہد کا آغاز کیا جب ہر سو اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بابائے قوم کی ذات و صفات کشمیریوں کیلئے مشعل راہ تھی اور رہے گی اور کشمیری اپنے بے لوث قائد کی تقلید کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کو ہر حال میں جاری رکھیں گے۔شہید محمد افضل گورو کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے مشترکہ قائدین نے کہا کہ اس مجاہد صفت معصوم کشمیری نے ہنستے مسکراتے تختہ دار کو چوم لیا لیکن باطل و ظالم کے سامنے سرنگوں نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے شہیدقائد محمد مقبول(رح) بٹ اور شہید فرزند کشمیر محمد افضل گورو کو تہاڑ جیل کے اندر تختہ دار پر لٹکادیا گیا اور انکی اجساد خاکی تک کو ورثاءکے حوالے کرنے سے انکار کیا گیا وہ بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ رویے کی واضح اور روشن دلیل ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان میں انتخابات میں مداخلت پر تشویش ہے تحقیقات کی جائیں، امریکا

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد اور لاکھوں شہریوں کی جانب …