حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد، نیب نے گرفتار کر لیا

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگی رہنما حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔

آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں ن لیگی رہنما کی عبوری ضمانت کا آج آخری دن تھا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر آج سماعت کی۔

درخواست ضمانت منسوخ ہونے پر نیب ن لیگی رہنما کو گرفتار کر لیا ہے جس کے لیے انہیں نیب آفس لاہور منتقل کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ عدالت میں سماعت کے موقع پر نیب کی انٹیلیجنس ونگ کی ٹیم بھی موجود تھی جس نے حمزہ شہباز کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے لیا ہے

امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

پولیس نے ن لیگی کارکنان کو اندر جانے سے روک دیا ہے اور لاہور ہائی کورٹ کا داخلی دروازہ بھی بند کردیا گیا۔

گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا حمزہ شہباز کے اثاثوں میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا لیکن وہ ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔
وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنے کے بعد میرے موکل کو نامزد کیا، ایڈووکیٹ سلمان بٹ کے بیرون ملک ہونے کے باعث استدعا ہے کہ کیسز کی سماعت دس روز کیلئے ملتوی کی جائے۔

جسٹس مظاہر علی نے ریمارکس دیئے کہ درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں اتنا وقت نہیں دیا جاتا،عدالت نے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ روز کی توسیع کی تھی اور نیب کو گیارہ جون تک حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …