عمران صاحب پہلے اپنے تمام بچوں، بیوی اور بہنوں کے اثاثے ڈیکلیئر کریں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (میڈیا 92نیوز آن لائن ) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کا پیغام علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور دوست احباب کے لیے تھا اور وہ اپنے تمام بیوی بچوں اور بہنوں کے اثاثے بھی ڈیکلیئر کریں۔

وزیراعظم عمران خان کے قوم کے نام جاری پیغام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے جب بھی عوام سے بڑے جھوٹ کا ریکارڈ قائم کرنا ہوتا ہے آپ ریکارڈ کرا کر قوم کو پیغام دیتے ہیں، عمران صاحب آپ کو تو اب جھوٹ بولنے کی مہارت حاصل ہے، پارلیمنٹ میں آ کر لائیو جھوٹ بولا کریں لیکن آپ پارلیمنٹ آنے سے اس لیے ڈرتے ہیں کیونکہ آپ نے ووٹ چوری کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا جو ہر ملک لیتا ہے، عمران صاحب آپ کو یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ملک کو 11 ہزار میگاواٹ بجلی دی،10 ہزار کلو میٹر کی موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا، دہشت گردی ختم کی، صحت اور تعلیم کے پراجیکٹ دیے تاہم آپ نے پچھلے 10 ماہ میں 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مسلم لیگ (ن) کی ایمنسٹی پر اپنی تقریر تو یاد ہوگی، آپ نے صرف ایک سال پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایمنسٹی سے جو فائدہ اُٹھائے گا آپ اُس کو جیلوں میں ڈالیں گے تاہم آج کل علیمہ باجی کس جیل میں ہیں، علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور فیصل واوڈا سُن لیں 30 جون کے بعد عمران صاحب آپ کو بے نامی اور غیر قانونی اثاثے حلال کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے اپنے اثاثے 1.4 ارب کے اور ٹیکس ایک لاکھ روپیہ دیتے ہیں اور عوام کو اپنے اثاثوں کے مطابق ٹیکس دینے کا درس دیتے ہیں، عمران صاحب آپ بھی اپنے تمام بیوی بچوں اور بہنوں کے اثاثے ڈیکلیئر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے بتایا نہیں کہ ٹیکس ریوینیو میں 500 ارب کا خسارہ ہے کیونکہ عوام سمجھتی ہے، وزیراعظم جھوٹا، نالائق، نااہل اور آپ کے بقول چور ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پالتو کتے نے مالک کے گھر سے دہائیوں پرانا بم دریافت کرلیا

فلوریڈا: امریکا میں ایک پالتو کتے نے گھر کے آنگن میں مٹی کھودتے وقت دہائیوں پرانا …