پاکستان میں فضائی حدود بحال، لاہور ائیرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھول دیا گیا

(میڈیا92نیوزرپورٹ/ظہیر الحق چیمہ سے)
پاک بھارت کشیدگی کے بعد معطل ہونے والے فلائٹ آپریشن کو بحال کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کو معمول کے مطابق بحال کر دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ تمام فضائی کمپنیوں کو بھی فلائٹ آپریشن شروع کرنے سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز کی روانگی 9 بج کر 45 منٹ تک متوقع ہے جبکہ جدہ جانے والی پرواز 11 بجے اڑان بھرے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشل فلائٹس کو ری شیڈول کیا گیا ہے اور مسافروں کی ہدایت کی گئی کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل 0215 ہیلپ لائن پر کال کرکے معلومات حاصل کرلیں۔ یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیے تھے تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ روز اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کےائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کیے جبکہ ملتان ائیرپورٹ پرفلائٹ آپریشن اب بھی معطل ہے جو 4 مارچ کو دوپہر ایک بجے بحال ہوگا۔ اس سے قبل یہ اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ سول ایوی ایشن حکام نے لاہور ، سیالکوٹ اور ملتان ائیرپورٹ کو 4 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تینوں ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن 4 مارچ دوپہر ایک بجے بحال ہو گا تاہم اب پاک بھارت کشیدگی میں کمی آنے اور ائیرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو درپیش پریشانی کے پیش نظر لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو ائیرپورٹ روانگی سے قبل ہیلپ لائن پر کال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مسافر مزید پریشانی سے دو چار نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …