وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی:وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کو ٹڈی دل کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین این ڈی ایم اے، و دیگر سینئر افسران شریک چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی نے وزیراعظم کو ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے مرتب کیے جانے والے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بین الادراہ جاتی و بین الصوبائی کوراڈنیشن، سرویلینس، کنٹرول، مانیٹرنگ اور آگاہی مہم کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اعلی سطح کمیٹی کی تشکیل اور این ڈی ایم اے میں کنٹرول روم کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔ ضلعی سطحی پر متعلقہ ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او)اور ہمسایہ ملک چین کے ساتھ اس ضمن میں جاری تعاون کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ سیکرٹری خزانہ کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے ضروری اقدامات کے لئے مطلوبہ فنڈز این ڈی ایم اے کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ صوبہ بلوچستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کی جانب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزرائے اعلی نے وزیرِ اعظم کو صوبوں میں ٹڈی دل کی صورتحال، صوبوں کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کی صورتحال اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ٹڈی دل کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے۔ وزیراعظم نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے وفاق، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور کوارڈینیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پالتو کتے نے مالک کے گھر سے دہائیوں پرانا بم دریافت کرلیا

فلوریڈا: امریکا میں ایک پالتو کتے نے گھر کے آنگن میں مٹی کھودتے وقت دہائیوں پرانا …