پی ایس ایل 5: روسو کی دھواں دھار سنچری، ملتان نے کوئٹہ کو شکست دے دی

رلی روسو کی دھواں دھار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 12 ویں میچ میں ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تاہم کوئٹہ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔

ملتان کی اننگز

رلی روسو نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کی، شان مسعود نے بھی 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز ونس نے کیا لیکن 23 کے مجموعی اسکور پر ذیشان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

جیمز ونس بھی 29 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

گزشتہ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے معین علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد شان مسعود اور رلی روسو نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے اور ٹیم کا اسکور تیزی سے آگے بڑھایا۔ شان مسعود 32 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن رلی روسو کا بلا رنز اگلتا رہا۔

رلی روسو نے 43 گیندوں پر 6 بلندو بالا چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی تیز رفتار سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور سہیل خان نے 45، 45 رنز دیے جب کہ بین کٹنگ نے 42 رنز کھائے اور ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری امید شین واٹسن 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے— فوٹو: پی ایس ایل
200 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹس نے اچھا آغاز کیا تاہم 57 کے مجموعی اسکور پر جیسن رائے 30 رنز بناکر بلاول بھٹی کا شکار ہوگئے۔

کوئٹہ کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری جب احسن علی 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد اعظم خان 6 اور بین کٹنگ 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری امید شین واٹسن 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد 9 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم تب تک میچ کوئٹہ کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ وہ 4 گیندوں پر 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

مقررہ اوورز میں کوئٹہ 7 وکٹوں پر 169 رنز تک محدود رہی اور 30 رنز سے شکست اس کا مقدر بنی۔ملتان کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، عمران طاہر نے دو اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کجیا تھا جبکہ احمد شہزاد کی جگہ احسن علی اور ٹائمل ملز کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …