ضمیر پر ابھی بوجھ نہیں اس لیے استعفیٰ نہیں دے رہا: شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرے ضمیر پر ابھی کوئی بوجھ نہیں اس لیے وزارت سے مستعفی نہیں ہو رہا۔

شیخ رشید کے 10 ماہ کے دوران ریلوے میں چھوٹے بڑے تقریباً 79 حادثات پیش آ چکے ہیں جس میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع اور ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

چند روز قبل بھی اکبر بگٹی ایکسپریس رحیم یار خان میں ولہار ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

ریلوے میں یکے بعد دیگرے حادثات پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیر ریلوے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔

آج راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس آدمی نے گاجریں کھائیں اس کے پیٹ میں درد ہے، ہم نے نئی ٹرین چلائیں اُس پر فخر ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ نئے انجنوں میں سے اس وقت 28 انجن کھڑے ہیں لیکن کسی کا پردہ فاش نہیں کرنا چاہتا۔

اپوزیشن کی جانب سے استعفے کے مطالبے پر وزیر ریلوے نے کہا کہ میرے ضمیر پر ابھی بوجھ نہیں اس لیے استعفیٰ نہیں دے رہا۔

ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف پوری کوشش میں ہے کہ ان کی اور حمزہ کی بچت ہو جائے لیکن وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ہے۔

مریم نواز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اللہ کی طرف سے ن لیگ پکڑ میں ہے اور مریم نواز ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نے پہلے بھی ن لیگ کو مروایا ہے اور ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ آگے مزید مروا دے گی۔

پیش گوئی درست ہونے سے متعلق صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ سوال آپ کا حق ہے اور جواب نہ دینا میرا اختیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …