وزیراعظم عمران خان پر نااہلی کی تلوار لٹک گئی ، نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست کی جلد سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے اس کی سماعت آئندہ ہفتے کے لیے مقرر کردی۔

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) عدالت عالیہ کے جج جسٹس شاہد وحید نے لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

مذکورہ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان نیازی کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت نے کیس کی جلد سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے لوگوں کو اکسایا، عمران خان نے لوگوں کو ٹیکس نہ دینے اور بیرون ممالک سے رقوم نہ بھیجوانے کی تجویز دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی عمارت پر دھاوا بولا اور گیٹ توڑے جبکہ عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف بھی اقدامات کیے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملکی سیاسی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی عدالت سے استدعا کی کہ عدالت وزیراعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نا اہل قرار دے۔

انہوں نے مزید استدعا کی کہ عدالت عمران خان کے خلاف 124 اے کے تحت کارروائی کا حکم دے اور معاملہ اہم نوعیت کا ہے، کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

خیال رہے کہ 21 جنوری 2019 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ آئندہ ایسی درخواست کی گئی تو جرمانہ کریں گے۔

مذکورہ درخواست حافظ احتشام کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لیے جولائی 2018 کے انتخابات سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …