نواز شریف نے ضمانت کی درخواست دوبارہ دائر کر دی, اب درخواست میں کیا موقف اپنایا گیا ہے ؟

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات سرپرست اعلی اور سابق وزیراعظم نواز شریف نےطبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دوبارہ دائر کر دی ہے۔ نوازشریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے ذریعےاسلام آباد ہائیکورٹ ہی میں درخواست دائر کی ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی درخواست میں چیرمین نیب،سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت جیل لاہور اور احتساب عدالت کو فریق بنایاہے۔

درخواست میں برطانیہ، امریکہ اور سوئٹزرلینڈ کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی رائے کو بھی شامل کیا گیاہے۔

درخواست کے ساتھ لف کی گئی طبی رپورٹس میں ماہر ڈاکٹرز کی طرف سے کہا گیاہے کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے،ڈاکٹرز نے لکھا ہے کہ تناؤ کی کیفیت نواز شریف کی جان کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ چھ ہفتے کی ضمانت کے دوران کرائے گئے ٹیسٹس بھی نواز شریف کے جان لیوا مرض کو ظاہر کررہے ہیں۔

درخواست میں ماہرین طب کی رائے کو بنیاد بناکر کہا گیاہے کہ نواز شریف دل کی شریانوں کے عارضے میں مبتلا ہیں،اسی لیے نواز شریف کا علاج بیرون ملک انہی ڈاکٹرز سےکرایا جائے جو پہلےانکا علاج کر چکے ہیں۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ نواز شریف کی شریانوں کا عارضہ ہارٹ اٹیک کا سبب بن سکتا ہے جو جان لیوا ہو سکتا ہے۔ بلڈپریشر اور شوگر بھی ابھی تک معمول کے مطابق نہیں ہوپایا۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں انکا علاج بیرون ملک انہی ڈاکٹرز سے کرایا جائے جن سے وہ مطمئن ہیں۔

نواز شریف نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی مخالفین پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ بیرون ملک علاج این آر او لینے کی کوشش ہے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اس طرح کا پروپیگنڈہ کرکے مخالفین نہ صرف توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں بلکہ صریحا غلط بیانی بھی کررہے ہیں۔

نواز شریف نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ وہ بیمار بیوی کو لندن چھوڑ کر آئے تھے اور جیل میں ہی انہیں انکی اہلیہ کے انتقال کی خبر ملی تھی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں بیرون ملک علاج کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہاکرنے کا حکم دیا جائے ۔

یاد رہی 3مئی کو سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرون ملک جانے اور ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی ۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع اور بیرون ملک علاج کے لئے جانےسے متعلق کیس کی سماعت کی تھی ۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …