رمضان المبارک میں چینی کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوز سرگرم

فیصل آباد: (میڈیا92نیوزآن لائن) رمضان المبارک میں چینی کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوز سرگرم ہو گئے، فیصل آباد کی اوپن مارکیٹ میں چینی ایک ہفتے میں 18 روپے مہنگی کر دی گئی، شہری بلیک میں چینی خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی منافع خوروں نے عوام کا خون چوسنا شروع کردیا۔ رمضان المبارک میں پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء خورونوش کی قیمتیں دگنی کر دی گئیں۔رمضان المبارک میں زخیرہ اندوز بھی سرگرم ہونے لگے، چینی کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی اوپن مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی۔ رواں مہینے کے دوران چینی 52 روپے کلو سے 70 روپے کلو تک پہنچ گئی، شہری کہتے ہیں اوپن مارکیٹ میں چینی بلیک میں خریدنے پر مجبور ہیں۔

چینی کی قلت کا جزوی طور پر بحران پیدا کرکے ذخیرہ اندوز کئی گنا زیادہ منافع کما رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کہتے ہیں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی جاری ہے۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے آنے والے دنوں میں چینی کی مزید قلت کا بحران پیدا کرکے قیمتیں مزید بڑھا دی جائیں گی۔دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی منافع خور سرگرم ہو گئے۔ پھل، سبزیاں اور دیگراشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

رمضان کی آمد سے قبل فی درجن 120روپے والے کیلے 200 روپے درجن کر دئیے گئے۔ 280 روپے کلو بکنے والے سیب اب 360 روپے کلو ہو چکے ہیں جبکہ سبزیوں میں ٹماٹر 80 روپے، پیاز 70 روپے، آلو چالیس روپے، لہسن 240 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔مہنگائی کے سونامی نے غریب عوام کے لیے سحر و افطار کا انتظام کرنا مشکل بنا دیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے منافع خوروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ قیمتوں میں روز بروز اضافہ سے پریشان ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو منافع خوروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …